فلسطینی اسرائیل تنازعہ: امریکا نے سلامتی کونسل کا اجلاس موخر کرا دیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2021
اب سفارتی داو پینچ
اب سفارتی داو پینچ

 

 

نیویارک:سلامتی کونسل کا آج ہونے والا اجلاس امریکا نے موخر کروایا، اجلاس اب اتوار کو ہو گا۔امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکا اجلاس کو روک نہیں رہا، چاہتا ہے کہ اجلاس بعد میں بلایا جائے، مشرق وسطی بحران پر کھلی بحث کے حامی ہیں۔اجلاس اگلے ہفتے بلایا جائے، امید ہے اس سے سفارکاری کو موقع ملے گا، تشدد کو روکنا چاہتے ہیں جس میں معصوم افراد کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اقوام متحدہ میں چینی وفد کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل سلامتی کونسل کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔

ایک سفارتکار نے کہا ہے کہ امریکہ جمعے کو ہونے والی ویڈیو کانفرنس پر رضامند نہیں تھا۔سلامتی کونسل کے اہم اجلاس کے حوالے سے ایک اور سفارتکار نے کہا کہ امریکہ اس اجلاس کو منگل کو بلانا چاہتا ہے جس سے اس اجلاس کی نوعیت فوری اور اہم نہیں رہے گی۔واضح رہے کہ اس قسم کی ویڈیو کانفرنس کے لیے کونسل کے تمام 15 ارکان کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری اس بحران کے حوالے سے امریکہ اپنے ایک بیان میں کہہ چکا ہے کہ اسرائیل کو حماس کی جانب سے داغے جانے والے راکٹوں کے خلاف دفاع کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ تاہم اس نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کا بھی کہا ہے۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہمارا موقف واضح ہےکہ راکٹ حملے رکنے چاہئیں۔