اسلام آباد: پاکستان کی معاشی صورتحال پر عوام کا اعتماد مزید کم ہوگیا ہے اور صرف 14 فیصد افراد اب ملکی معیشت کو مضبوط سمجھتے ہیں۔ یہ بات آئیپسوس کے ایک تازہ سروے میں سامنے آئی ہے جسے دی ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا ہے۔
دی ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں ملکی معیشت کی مضبوطی کے بارے میں عوامی رائے میں 6 فیصد پوائنٹس کی کمی آئی ہے۔ معاشی مشکلات بدستور عوام کی سب سے بڑی تشویش بنی ہوئی ہیں۔ مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے بعد بے روزگاری غربت اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے اہم خدشات میں شامل ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی اب پانچویں بڑی تشویش بن گئی ہے اور اس نے اضافی ٹیکسوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آئیپسوس کے مطابق بجلی کی قیمتوں کے بارے میں تشویش 9 فیصد پوائنٹس بڑھ کر 35 فیصد ہوگئی ہے جبکہ غربت کے حوالے سے فکر میں بھی 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی گھریلو صارفین پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے ٹیکسوں اور حکومت کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ طے شدہ انتظامات کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول پر عائد ٹیکس فی لیٹر 116 پاکستانی روپے تک پہنچ چکا ہے۔
ٹولا ایسوسی ایٹس کے مطابق پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ڈالر کے لحاظ سے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ ایندھن سے متعلق حکومتی اقدامات پر عوام کا اعتماد بھی کمزور ہے۔ صرف تقریباً ایک تہائی پاکستانیوں کا خیال ہے کہ حکام نے ایندھن کی دستیابی کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا ہے جبکہ ہر 5 میں سے 2 افراد ایندھن کی قیمتوں کے انتظام کو غیر مؤثر سمجھتے ہیں۔
مالی معاملات کے حوالے سے بھی عوام کا اعتماد انتہائی کمزور ہے۔ صرف 15 فیصد افراد نے سرمایہ کاری کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا جبکہ محض 16 فیصد افراد خود کو اپنی ملازمتوں کے حوالے سے محفوظ سمجھتے ہیں۔ صرف ایک چوتھائی پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
ملک کے مختلف صوبوں میں مستقبل کے حوالے سے امید بھی مختلف رہی۔ بلوچستان میں 31 فیصد افراد نے ملک کی سمت کے بارے میں امید کا اظہار کیا جبکہ پنجاب میں یہ شرح 26 فیصد سندھ میں 21 فیصد اور خیبر پختونخوا میں صرف 14 فیصد رہی۔
آئیپسوس پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد الستار نے تیسری سہ ماہی کو محتاط بحالی کا دور قرار دیا۔ ان کے مطابق عوام کی توقعات اور گھریلو اخراجات کے حوالے سے اطمینان میں بہتری آرہی ہے تاہم یہ بہتری اب بھی اتنی کمزور ہے کہ بڑے مالی فیصلوں اور اہم سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی نہیں کر رہی۔