پاکستانی خاتون سمیرا کی وطن واپسی کی راہ ہموار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستانی خاتون  سمیرا کی وطن واپسی کی راہ ہموار
پاکستانی خاتون سمیرا کی وطن واپسی کی راہ ہموار

 


اسلام آباد :ہندوستان میں بغیر ویزا پھنسی پاکستانی خاتون کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہندوستان میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیرا کو پاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کر دیا ہے۔جمعرات کو پاکستانی  وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سمیرا کو پاکستانی شہریت نامہ نادرا کے ذریعے اس کے خاندان کی تصدیق کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے شہریت تصدیق نامہ کا مراسلہ آج وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے۔ شہریت تصدیق کے ساتھ ہی سمیرا کو نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشن سفری دستاویز جاری کرے گا۔ سفری دستاویز جاری ہونےکے بعد سمیرا نامی پاکستانی شہری وطن واپس آ سکیں گی۔پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ سمیرا کے ساتھ ان کی چار سالہ بیٹی بھی پاکستان واپس آسکے گی۔

سمیرا کی انڈیا میں حراست

واضح رہے کہ ہندوستانی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کی کارکن ایڈووکیٹ سہانا بسواپٹنا کا کہنا ہے کہ سمیرا کا تعلق کراچی سے ہے اور سمیرا کے والدین گذشتہ کئی برسوں سے قطر میں روزگار کے لیے مقیم ہیں۔ قطر میں سمیرا نے انڈین نوجوان سے شادی کی اور شوہر کے ہمراہ بغیر ویزے کے 2016 میں انڈیا میں داخل ہوئیں۔ کچھ عرصے بعد  حکام کی جانب سے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ شوہر پر انہیں بغیر ویزا لانے میں سہولت کاری کا الزام تھا۔ قید کے ابتدائی دنوں میں ہی جیل میں سمیرا کی بیٹی پیدا ہوئی تھی۔ ایڈووکیٹ سہانا کے مطابق کچھ عرصے بعد سمیرا کے شوہرکو ضمانت پر رہا کردیا گیا، شوہر نے رہائی کےکچھ عرصے بعد سمیرا سے رابطہ ختم کردیا۔ 18 نومبر 2021 کو نئی دہلی میں سمیرا نے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے ملاقات بھی کی۔ سمیرا کے ڈی پورٹ ہونے میں واحد رکاوٹ حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی پاکستانی شہریت کا سرکاری تصدیق نامہ تھا جو جاری کر دیا گیا ہے۔