پاکستانی سپریم کورٹ کا عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2026
پاکستانی سپریم کورٹ کا عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم
پاکستانی سپریم کورٹ کا عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم

 



اسلام آباد: پاکستان کی سپریم کورٹ نے منگل کو جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کو طبی معائنے کے لیے ایک نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا۔ یہ حکم جیل حکام کے اس بیان کے ایک روز بعد آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ 73 سالہ عمران خان کی بینائی ’’تقریباً معمول کے مطابق‘‘ ہے۔

عدالت نے یہ ہدایت رواں سال کے آغاز میں عمران خان کی آنکھوں کی بیماری سے متعلق دائر کی گئی متعدد درخواستوں کی سماعت کے دوران دی۔ درخواست گزاروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو اسپتال میں داخل کرانے کی درخواست کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری اسپتالوں میں فراہم کیے جانے والے علاج سے مطمئن نہیں ہیں۔ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حکم دیا کہ عمران خان کو آئندہ چند دنوں کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا، ’’بنیادی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم قیدی کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے یہ حکم جاری کر رہے ہیں۔‘‘ عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں۔

جنوری کے آخر میں ان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوزن (CRVO) نامی بیماری کی تشخیص کے بعد علاج کے لیے انہیں متعدد مرتبہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) لے جایا جا چکا ہے۔ اڈیالہ جیل کے حکام نے کہا کہ عمران خان کی طبی حالت سامنے آنے کے بعد سے انہیں مناسب علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ پی آئی ایم ایس کے شعبۂ امراضِ چشم کے سربراہ ڈاکٹر محمد عارف خان اور راولپنڈی کے الشِفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹر ندیم قریشی نے عمران خان کا علاج کیا ہے۔