پاکستان:معاشی مشکلات ،کورونااورمسائل کے باوجودعوام خوش کیوں؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 29-12-2021
پاکستان:معاشی مشکلات ،کورونااورمسائل کے باوجودعوام خوش کیوں؟
پاکستان:معاشی مشکلات ،کورونااورمسائل کے باوجودعوام خوش کیوں؟

 

 

کراچی:65فیصد پاکستانی تمام معاشی مشکلات اور کورونا کی وباء کے باوجود اپنی زندگی سےخوش ہیں۔ پاکستانیوں کے زندگی سے خوش ہونے کی شرح عالمی اوسط یعنی 57 فیصد اور علاقائی اوسط یعنی 55 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔

پاکستان کے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ خوش افراد خیبرپختونخوا میں 73فیصد نظر آئے۔ اس بات کا انکشاف پاکستان سمیت دنیا کے 44ممالک میں گیلپ انٹرنیشنل اور گیلپ پاکستان کے کروائے گئے سروے کے ذریعے ہوا ۔جس میں 41 ہزار سے زائد افراد نےحصہ لیا۔

سروے میں 65 فیصد پاکستانیوں نے تمام مسائل کے باوجود خوش ہونے کا کہا ۔23 فیصد نے ناخوش ہونے کا بتایا۔ جبکہ 12فیصد نے درمیانہ موقف اختیار کیا۔ گیلپ پاکستان نے65فیصد خوش پاکستانیوں میں سے23فیصد ناراض پاکستانیوں کو نکال کر پاکستانیوں میں خوشی کا نیٹ اسکور 42 فیصد بتایا ۔جو 2020 میں 40 فیصد تھا۔

ریسرچ کمپنی کے مطابق پاکستانیوں میں خوشی کا نیٹ اسکور پاکستان مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں یعنی 2016 میں 71 فیصد کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا ۔2017میں یہ کم ہوکر 48 فیصد ہوگیا۔ 2019 میں اس میں اضافہ ہوا اور یہ 65 فیصد پر نظر آیا لیکن 2020 میں خوشی کا نیٹ اسکور 40 فیصد پر دیکھا گیا ۔جبکہ 2021میں اس میں 2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 42 فیصد ہوگیا ہے۔

صوبوں کی بنیاد پر دیکھا جائے تو خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ یعنی 73فیصد افرادنے زندگی سے خوش ہونے کا کہا۔ جس کے بعد سندھ سے 68 فیصد، بلوچستان سے 66فیصد جبکہ پنجاب سے 62 فیصد افراد نے زندگی سے خوش ہونے کا کہا۔

خوش ہونے والے پاکستانیوں کو صنفی بنیادوں پر دیکھاجائے تو مردوں میں 66 فیصد جبکہ خواتین میں 60فیصد نے خوش ہونے کا کہا۔ عمر کے لحاظ سے دیکھاجائے تو 30 سال کے اندر 69 فیصد پاکستانیوں نے خوش ہونے کا کہا، 30سے50 سال کے 64 فیصدجبکہ 50سال کے 59 فیصد افراد نے زندگی سے خوش ہونے کا کہا۔

پاکستانیوں کی رائے کا موازنہ 44 ممالک کی مجموعی رائے سے کیا جائے تو عالمی سطح پر57 فیصد افراد زندگی سے خوش نظر آئے ۔ 13 فیصد نے ناخوش ہونے کا کہا ۔جبکہ 28 فیصد نے درمیانہ موقف اختیار کیا ۔ 2 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

پاکستان کے پڑوسی ممالک کو دیکھا جائے تو 61 فیصد ہندوستانیوں نے خوش ہونے کا کہا ۔ جبکہ افغانستان میں یہ شرح 45 فیصد نظر آئی ۔

گیلپ کےہپینس انڈکس میں زندگی سے سب سےزیادہ خوش ممالک کی فہرست میں 79فیصد کے نیٹ اسکورکے ساتھ کولمبیا سر فہرست نظر آیا ۔ جبکہ سب سے زیادہ ناخوش 2 فیصد کے ساتھ گھانا اور 9 فیصد کے ساتھ افغانستان رہا۔ (ایجنسی)