آواز دی وائس
ہندوستان نے اقوام متحدہ میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے جھوٹے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہندوستان پر تین جنگیں اور ہزاروں دہشت گرد حملے کر کے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب، سفیر پروتنینی ہریش نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سلووینیا کے مستقل مشن کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سندھ طاس معاہدے کے بارے میں پاکستان کے وفد کی جانب سے پھیلائی جا رہی غلط معلومات کا جواب دینا ضروری ہے۔ ہندوستان، ایک بالائی دریا والے ملک کے طور پر، ہمیشہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتا آیا ہے۔
یہ اجلاس "مسلح تصادم کے دوران پانی کا تحفظ - عام شہریوں کی جانوں کا تحفظ" کے موضوع پر تھا۔
ہریش نے کہا کہ ہندوستان نے 65 سال قبل نیک نیتی کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کیا تھا، جو کہ "خیر سگالی اور دوستی کے جذبے" کے تحت ہوا۔ تاہم، ان دہائیوں میں پاکستان نے نہ صرف تین جنگیں کیں بلکہ ہزاروں دہشت گرد حملے بھی کیے، جو معاہدے کے خلاف ہیں۔ ۔۔22 اپریل کو پہلگام، جموں و کشمیر میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے، ہندوستان نے معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہریش نے کہا کہ گذشتہ چار دہائیوں میں 20,000 سے زائد ہندوستانی شہری دہشت گردی میں مارے گئے، جن میں سب سے حالیہ واقعہ پہلگام میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ان برسوں میں غیرمعمولی صبر اور فراخدلی کا مظاہرہ کیا، لیکن پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا مقصد عام شہریوں، مذہبی ہم آہنگی، اور اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچانا رہا ہے۔ ہریش نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ہندوستان نے متعدد بار رسمی طور پر پاکستان سے معاہدے میں ترمیم پر بات چیت کی کوشش کی، لیکن اسلام آباد نے ہر بار انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی روکاوٹ ڈالنے والی پالیسی، ہندوستان کو اپنے قانونی حقوق استعمال کرنے سے روکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 65 برسوں میں نہ صرف سلامتی کے خطرات بڑھے ہیں بلکہ صاف توانائی، موسمیاتی تبدیلی، اور آبادیاتی دباؤ جیسے مسائل بھی سامنے آئے ہیں، جن کی روشنی میں بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔ ہریش نے الزام لگایا کہ پاکستان معاہدے کے تحت جائز تبدیلیوں کو بھی روکنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ 2012 میں دہشت گردوں نے تولبل نیویگیشن پروجیکٹ پر حملہ کیا، جو ہندوستانی منصوبہ تھا۔ ایسے اقدامات شہریوں کی جان اور منصوبوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
ہریش نے کہا کہ انہی وجوہات کی بنیاد پر ہندوستان نے اعلان کیا ہے کہ جب تک پاکستان، جو دہشت گردی کا عالمی مرکز ہے، سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو مستقل طور پر بند نہیں کرتا، معاہدہ معطل رہے گا۔ یہ بالکل واضح ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والا فریق پاکستان ہے۔ انہوں نے پاکستان کے "منافقانہ" رویے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ایک ایسا ملک جو دہشت گردوں اور شہریوں میں فرق نہیں کرتا، اسے شہریوں کے تحفظ پر بات کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان نے متعدد دہشت گرد حملوں کا سامنا کیا، جن میں 2008 کا ممبئی حملہ اور 2025 میں پہلگام میں سیاحوں کا قتل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد ہندوستان کی ترقی، خوشحالی، اور حوصلے کو پست کرنا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد، ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ٹھوس کارروائیاں کیں۔ جواباً، پاکستان نے 8 تا 10 مئی ہندوستانی فوجی ٹھکانوں پر حملے کی کوشش کی، جس پر ہندوستان نے سخت ردعمل دیا۔ بعد ازاں، دونوں ممالک کے فوجی حکام کے درمیان بات چیت کے بعد کارروائیوں کو روکنے پر اتفاق ہوا۔
ہریش نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دے کر عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔