کراچی: کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے باہر ہونے والی ہنگامہ آرائی میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ قونصلیٹ کے سامنے مظاہرین پر امریکی اہلکاروں نے فائرنگ کی، تاہم یہ واضح نہیں کہ گولیاں کسی کو لگیں یا کسی ہلاکت کا سبب بنیں۔
خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے دو امریکی حکام نے بتایا کہ کراچی قونصلیٹ کے معاملے سے متعلق سوالات امریکی میرینز نے امریکی فوج کو بھیج دیے ہیں، جس کے بعد امریکی فوج نے معاملہ محکمۂ خارجہ کے سپرد کر دیا۔ امریکی محکمۂ خارجہ نے اب تک اس سے متعلق کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا۔
امریکی حکام نے مزید بتایا کہ یہ بھی معلوم نہیں کہ قونصلیٹ پر تعینات دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی یا نہیں۔ قونصلیٹ کی حفاظت میں نجی سیکیورٹی گارڈز اور مقامی پولیس بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ قونصلیٹ کے احاطے کے اندر سے کی گئی۔ واضح رہے کہ اتوار کو قونصلیٹ میں مظاہرین کی داخل ہونے کی کوشش کے دوران جھڑپیں ہوئی تھیں، جس میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔