پاکستان:آج منایا جارہا ہے 74 واں جشن آزادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2021
سبز رنگ میں نہایا پاکستان
سبز رنگ میں نہایا پاکستان

 

 

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ / اسلام آباد: آج پاکستان میں جشن یوم آمادی منایا جارہا ہے،جس کا سلسلہ کل رات کو شروع ہوگیا تھا۔مختلف شہروں میں  رات 12 بجتے ہی  جشن آزادی کا آغاز ہوتے ہی شاندار آتش بازی اور چراغاں کر کے 74ویں آزادی کا جشن منایا گیا۔

جشن آزادی کی مناسب سے شہر شہر جیوے پاکستان کے نعروں کی گونج اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ ہر شخص نےقومی نغمے سُن کر اور پاکستان کے حق میں‌ نعرے لگا کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

کراچی تا کشمور اور گوادر سے خنجراب تک ہر طرف وطن سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے اور پاکستانی قوم آج یوم آزادی روایتی شان و شوکت سےمنارہی ہے جس کی وجہ سے فضاؤں میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہورہے ہیں۔

چودہ اگست کی مناسبت سے گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لیے تو کسی نے وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر کیا۔

 ملک کے تقریباً تمام ہی بڑے شہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

شہری لاہور میں مینار پاکستان، کراچی میں فائیو اسٹار چورنگی پر پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پہنچے جبکہ نوجوان نے موٹرسائیکلوں پر نکل پر قومی پرچم تھام کر مارچ کیا۔

 آج دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔