اسلام آباد: پاکستان کی سپریم کورٹ نے 9 مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد واقعات سے متعلق 8 مقدمات میں جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کو جمعرات کے روز ضمانت دے دی۔ یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ان کے حامیوں نے توڑ پھوڑ اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔
ان فسادات میں مبینہ کردار کی بنیاد پر عمران خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے کئی رہنماؤں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔ چیف جسٹس آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میانگل اورنگزیب شامل تھے نے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور پنجاب حکومت کے خصوصی پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کے دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کی عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی نے پلیٹ فارم "ایکس" (سابق ٹوئٹر) پر اس فیصلے کو "عمران خان کی فتح" قرار دیا۔
پارٹی کے بین الاقوامی ترجمان ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اب خان صاحب کو صرف ایک اور مقدمے (القاعدر ٹرسٹ کیس) میں ضمانت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق: سپریم کورٹ نے 9 مئی کے تمام مقدمات میں عمران خان کو ضمانت دے دی ہے، اب ان کی رہائی صرف القادر کیس میں ضمانت پر منحصر ہے۔
تاہم، القادر ٹرسٹ کیس میں سزا ہونے کے باعث عمران خان کی فوری رہائی فی الحال ممکن نہیں۔ عمران خان (72) نے پہلے 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے رجوع کیا تھا، جس نے نومبر 2024 میں ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ بعد ازاں، انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل کی، لیکن 24 جون 2025 کو یہ درخواست بھی خارج کر دی گئی، جس کے بعد وہ سپریم کورٹ پہنچے۔
عمران خان کو اپریل 2022 میں وزارتِ عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔ وہ اگست 2023 سے اڈیالہ جیل، راولپنڈی میں قید ہیں، جہاں وہ 19 کروڑ پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔