پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے
پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے

 



اسلام آباد:پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے تازہ فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متوقع مذاکرات اور جنگ بندی کے مستقبل پر خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ اخبار ڈان کی ہفتہ کے روز شائع رپورٹ کے مطابق یہ حملے شمالی وزیرستان میں ایک فوجی تنصیب پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد اور دو روزہ جنگ بندی میں توسیع کے چند ہی گھنٹوں بعد کیے گئے۔

پاکستانی فوج کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ نے جمعہ کی صبح میر علی کے خدی قلعے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے تمام چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اخبار کے مطابق، سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ کے ٹھکانوں پر درست نشانے کے ساتھ حملے کیے گئے جن میں مبینہ طور پر درجنوں جنگجو مارے گئے۔ مزید یہ کہ پاکستانی فورسز نے جمعہ کی رات انگور اڈہ کے علاقے اور افغانستان کے پکتیکا صوبے کے اُرگون اور برمل اضلاع میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے میں دہشت گرد تنظیموں اور ان کے ٹھکانوں پر حملے نہ کرنے کی کوئی شق شامل نہیں تھی۔ یہ حملے ایک ایسے وقت پر کیے گئے ہیں جب دونوں ممالک کے نمائندوں کی ملاقات دوحہ میں ہونے والی تھی، جہاں قطر کی حکومت ثالثی کی کوششیں کر رہی تھی۔

اخبار نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کی شب ہونے والے تازہ حملوں کے بعد جنگ بندی اور دوحہ مذاکرات دونوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ سیکیورٹی سے متعلق ایک ذریعے نے جمعہ کو ابتدائی 48 گھنٹوں کی جنگ بندی کے اختتام پر کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں نے باہمی رضامندی سے دوحہ میں مذاکرات شروع ہونے تک جنگ بندی میں توسیع کر دی ہے۔

مذاکرات ہفتہ کو شروع ہونے کی توقع تھی۔ افغانستان سے موصولہ معلومات کے مطابق طالبان کے وفد میں وزیر دفاع ملا یعقوب مجاہد اور انٹیلیجنس چیف ملا وسِیق شامل ہوں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم دیر شام نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات سے یہ اشارے ملے ہیں کہ جنرل ملک دوحہ کا دورہ کر سکتے ہیں۔