پاکستان:نوازشریف کی وطن واپسی کی اٹکلیں تیز،حکومت واپوزیشن آمنے سامنے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان:نوازشریف کی وطن واپسی کی اٹکلیں تیز،حکومت واپوزیشن آمنے سامنے
پاکستان:نوازشریف کی وطن واپسی کی اٹکلیں تیز،حکومت واپوزیشن آمنے سامنے

 

 

اسلام آباد، لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی وطن واپسی پر حکومت اور اپوزیشن میں نئی بحث چھڑ گئی ہے، معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں نواز شریف کے ویزہ کی توسیع کی درخواست مسترد ہو چکی ہے، برطانیہ جلد بے دخل کردیگا، نواز شریف کی وطن واپسی کا شوشہ چھوڑنے والے سُن لیں، نوازشریف پاکستان آتے ہی جیل جائینگے، عمران خان گردن کٹوادینگے، این آر او نہیں دینگے،

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پالش لیے کھڑی ہے ، لیکن کوئی بوٹ آگے نہیں کررہا، وطن واپسی کیلئے ڈیل کا انتظار کرنے والے ہمیشہ سیاسی بونے ہی رہیں گے ، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بغض میں ’آپ‘ نے ریاست کی بنیادیں ہلادیں، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے کہا حکومت سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ، ظلم کی رات کا خاتمہ قریب ہے، آپکو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی، کھلاڑی نے پاکستان سے کھلواڑ کیا، انہیں کٹہرے میں لائینگے، سزا دلائینگے، کے پی میں ابھی ٹریلر چلا ہے، اگلے انتخابات میں قوم بنی گالہ والوں کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دیگی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ وزیراعظم صوبہ خیبرپختونخوا میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد پنجاب سنبھالنے نکلے ہیں۔یہ عوام کے بدلہ لینے کا وقت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور ان کی نااہلی کا بدلہ لینے کا وقت ہے۔

ملک کو ’’نانی ویہڑا‘‘ سمجھ رکھا ہے،کبھی ایک کو بٹھاتے ہیں کبھی دوسرے کو، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے لاہورمیں نالج پارک کا دوبارہ افتتاح گھبراہٹ پر قابو پانے کی کوشش تھی۔دوسری جانب پاکستان کے سابق وزیر ریلوےخواجہ سعد رفیق نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ نواز شریف کے بغض میں انہوں نے ریاست کی چولیں ہلا دیں، لیگی قائد کی نفرت میں ملک کو نقصان پہنچایا گیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے توہین عدالت کی، نواز شریف کی 3 مرتبہ حکومت آئی اور تینوں مرتبہ مدت مکمل نہیں ہونےدی، لوگ ووٹ ہمیں دیتے ہیں، ہم کس طرح بھارتی ایجنٹ ہوئے، نواز شریف نے کہا جو ووٹ لے کر آیا وہ مدت پوری کر کے جائیگا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانیوالوں نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں دینگے، آج لاکھوں لوگ بیروزگار ہو کر گھروں میں بیٹھے ہیں، بجلی کا بل ادا کرنے کیلئے لوگوں کے پاس پیسے نہیں، لوگوں کے پاس نئے کپڑے بنانے کیلئے پیسے نہیں، گھروں میں فاقے ہیں، والدین کے پاس بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے پیسے نہیں، آج اسپتالوں میں مریضوں کیلئے دوائیاں نہیں ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے، ساڑھے 3 سال میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا، نیا پاکستان بنانا دور کی بات، آپ نے پرانے کو بھی برباد کر دیا، میرے دل میں عمران نیازی کیلئے نفرت نہیں، غصہ ضرور ہے، 200 ارب ڈالر لانے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوسکا، نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے بدلے اربوں ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو لوگ وطن واپسی کیلئے ڈیل کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔ فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں، صرف کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا، آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں، ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں، روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے اور پاکستان میں یہ ہی ہوا ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ نواز شریف نے کفن باندھ لیا ہے کا بیانیہ بنانے کیلئے کچھ لوگوں کو استعمال کیا گیا، اب انقلاب کی معطلی اور اسی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کا بیانیہ بنانے کیلئے کچھ لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں، برطانیہ سے دھکا پڑنے کا قوی امکان ہے، اس کی گراؤنڈ بنائی جا رہی ہے۔

شہبازگل نے ٹوئٹ میں کہا کہ برطانیہ میں نواز شریف کے ویزہ کی توسیع رجیکٹ ہو چکی ہے، اس وقت اپیل میں ہیں لیکن انہیں پتہ ہے ویزہ رجیکٹ کر کے بے دخل کیا جائے گا اس لیے نواز شریف کے بے دخل ہونے کو ان کا واپس آنے کا سیاسی فیصلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔