پاکستان میں مئی کے دوران دہشت گرد حملوں میں 27 فیصد اضافہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
پاکستان میں مئی کے دوران دہشت گرد حملوں میں 27 فیصد اضافہ
پاکستان میں مئی کے دوران دہشت گرد حملوں میں 27 فیصد اضافہ

 



اسلام آباد:پاکستان میں دہشت گردی سے جڑی پرتشدد کارروائیوں میں گزشتہ ماہ نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق مئی میں دہشت گرد حملوں کی تعداد اپریل کے مقابلے میں 27 فیصد بڑھ گئی، جو ملک میں دہشت گردی کے خطرات کی مسلسل موجودگی کو ظاہر کرتی ہے۔

Pakistan Institute for Conflict and Security Studies کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی ماہانہ سکیورٹی رپورٹ کے مطابق مختصر کمی کے بعد شدت پسند اور دہشت گرد گروہوں نے مئی میں دوبارہ سرگرمیوں میں اضافہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق مئی کے دوران ملک بھر میں 128 دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے جبکہ اپریل میں یہ تعداد 101 تھی۔

ان حملوں میں 71 شہری۔ 68 سکیورٹی اہلکار اور امن کمیٹیوں کے 6 ارکان ہلاک ہوئے جبکہ 147 شہری۔ 35 سکیورٹی اہلکار اور امن کمیٹیوں کے 3 ارکان زخمی ہوئے۔

اپریل کے مقابلے میں شہری ہلاکتوں کی تعداد 37 سے بڑھ کر 71 ہوگئی جو 92 فیصد اضافہ ہے۔ اسی طرح سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں 28 سے بڑھ کر 68 تک پہنچ گئیں جو 143 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

رپورٹ میں خودکش حملوں میں بھی نمایاں اضافے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مئی میں 6 خودکش حملے ہوئے جن میں 4 گاڑیوں کے ذریعے کیے گئے خودکش دھماکے شامل تھے۔ ان حملوں میں 34 سکیورٹی اہلکار اور 9 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس کے برعکس مارچ اور اپریل میں صرف ایک ایک خودکش حملہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں نے خودکش حملوں کا استعمال دوبارہ بڑھا دیا ہے۔

بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں مئی میں 71 دہشت گرد حملے ہوئے جبکہ اپریل میں یہ تعداد 34 تھی۔ اس طرح صوبے میں حملوں میں 109 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

امن و امان کی خراب صورتحال اغوا کے واقعات میں اضافے سے بھی ظاہر ہوئی۔ مئی میں ملک بھر میں 54 اغوا کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 52 صرف بلوچستان میں پیش آئے۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے بھی ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں تیزی لائی۔ پی آئی سی ایس ایس کے مطابق مئی کے دوران 270 شدت پسند ہلاک اور 15 گرفتار کیے گئے۔

ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں 128 سابق فاٹا علاقوں میں۔ 62 خیبر پختونخوا کے دیگر حصوں میں۔ 71 بلوچستان میں اور ایک پنجاب میں مارا گیا۔