پاکستان: سیکیورٹی فورسز نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2025
پاکستان: سیکیورٹی فورسز نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا
پاکستان: سیکیورٹی فورسز نے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا

 



پشاور: شمال مغربی پاکستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تحریکِ طالبان پاکستان (TTP) سے وابستہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (ISPR) نے منگل کو بتایا کہ یہ کارروائیاں 15 اور 16 نومبر کو خیبر پختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کی گئیں۔

فوج کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے کلاچی علاقے میں کیے گئے آپریشن میں تحریکِ طالبان پاکستان کے 10 دہشت گرد مارے گئے، جن میں اُن کا "مرکزی سرغنہ" عالم محسود بھی شامل ہے۔ شمالی وزیرستان کے دَتہ خیل میں 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ عالم محسود ایک مطلوب دہشت گرد تھا۔

حکام نے بغیر کسی ملک کا نام لیے بتایا کہ مارے گئے تمام دہشت گرد غیر ملکی سرپرستی رکھنے والے نیٹ ورک سے وابستہ تھے اور متعدد حملوں میں ملوث تھے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔