پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2025
پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ
پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ

 



اسلام آباد: پاکستان نے اپنا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ "ایچ ایس ون" خلا میں کامیابی سے روانہ کر دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے تعاون سے خلاء میں بھیجا گیا اور اس اہم موقع کی براہِ راست کوریج اسپارکو کمپلیکس، کراچی سے کی گئی۔

اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ترجمان کے مطابق، "ایچ ایس ون" ایک جدید ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ ہے جو زمین، سبزہ، پانی اور شہری علاقوں کا تفصیلی تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سیٹلائٹ سینکڑوں نوری بینڈز میں انتہائی درست اور باریک بینی سے تصویری ڈیٹا حاصل کر سکتا ہے، جو زرعی منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے نہایت اہم ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سیٹلائٹ کی مدد سے: زرعی ترقی اور فصلوں کی منصوبہ بندی میں بہتری آئے گی۔ جنگلات کی کٹائی، فضائی آلودگی اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ سی پیک منصوبوں میں شامل علاقوں میں ممکنہ جغرافیائی خطرات کی پیشگی شناخت کی جا سکے گی۔ انفرااسٹرکچر میپنگ اور شہری منصوبہ بندی کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

سپارکو کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی مکمل حمایت سے ممکن ہونے والا یہ مشن ملک کی خلائی ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔ "ایچ ایس ون" پاکستان کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور 2047 کے خلائی وژن میں اہم پیش رفت فراہم کرے گا۔

سیٹلائٹ رواں دن ہی اپنے مخصوص مدار میں داخل ہو جائے گا، تاہم مکمل فعال ہونے میں تقریباً دو ماہ کا وقت لگے گا جس کے دوران اس کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔ یاد رہے، "ایچ ایس ون" رواں سال پاکستان کی جانب سے خلا میں بھیجا جانے والا تیسرا سیٹلائٹ ہے۔