پاکستان کی چمن سرحد طالبان نے بند کردی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2021
چمن کی سرحدی پوسٹ
چمن کی سرحدی پوسٹ

 

 

چمن: افغان طالبان اور پاکستان میں خفیہ سانٹھ گانٹھ کے ساتھ ساتھ اب ڈرامہ بھی چل رہا ہے۔ در اصل افغان طالبان  نے پاکستان سے اپنے مطالبات منوانے کے لیے چمن سے ملحقہ پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ سرحد کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا ہے۔

جمعرات کو سرحد کی بندش کے باعث پاکستانی حدود میں چمن جبکہ افغان حدود میں ویش سپین بولدک کے مقام پر سرحد پار کرنے کے خواہشمند ہزاروں افراد پھنس گئے ہیں جن میں خواتین، بچوں اور مریضوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

 چمن کی ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’طالبان نے جمعرات کی شام کو اپنی حدود میں باب دوستی کے قریب مرکزی گزرگاہ پر کرین کی مدد سے سیمنٹ کے بڑے بلاک رکھ کر ہر قسم کی آمدروفت کو معطل کر دیا۔

  ان کا کہنا تھا کہ ’طالبان چاہتے ہیں کہ افغان سرحد پر طالبان کے قبضے سے قبل جس طرح صبح سے شام تک آمدروفت کی اجازت دی جاتی تھی اسی طرح دوطرفہ آمدروفت کی اجازت دی جائے۔ اس وقت سرحد پر آمدروفت کے لیے محدود وقت کی پابندی کی وجہ سے افغان حدود میں طالبان کے لیے لوگوں کے ہجوم کو قابو کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

چمن سرحد پر تعینات پاکستانی لیویز فورس کے مقامی انچارج عجب خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاک افغان سرحد بند ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ سرحد افغانستان کی طرف سے طالبان نے بند کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سرحد کی بندش کی وجوہات معلوم نہیں۔