پاکستان: گوادر میں کفن پوش ریلی اور احتجاج

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2021
پاکستان: گوادر میں کفن پوش ریلی اور احتجاج
پاکستان: گوادر میں کفن پوش ریلی اور احتجاج

 

 

گوارد (پاکستان)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوارد میں گزشتہ پانچ دنوں سے مقامی افراد بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی، ماہی گیروں کو درپیش مسائل اور غیر ضروری چیک پوسٹوں کے خاتمے کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔گوادر کو حق دو‘ تحریک کے زیر اہتمام دیے جانے والے اس دھرنے کے شرکا کے اہم مطالبات میں بلوچستان کی سمندری حدود میں ڈیپ سی میں ٹرالرز کی ماہی گیری کو روکنا، ایران سے آنے والی اشیا کی راہ میں رکاوٹوں کا خاتمہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی ان چیک پوسٹوں کا خاتمہ ہے جن سے مقامی لوگوں اور ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گوادر کو حق دو‘ تحریک اگرچہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کی قیادت جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمان کر رہے ہیں۔

 سمندر میں آزادانہ نقل و حرکت اور بجلی و پانی کی فراہمی کا مطالبہ مولانا ہدایت الرحمان نے جمعے کی رات کو گوادر سے ٹیلی فون پر بتایا کہ ان کے دھرنے کو پانچ دن مکمل ہوگئے ہیں اور آج رات یہ تحریک چھٹے روز میں داخل ہو رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلسل احتجاج اور دھرنوں کے باوجود صوبائی اور مرکزی حکومت کی مسائل کے حل کے لیے عدم دلچسپی اور ’نااہلی‘ عیاں ہے۔ 

ان کے مطابق گوادر شہر میں غیر قانونی چیک پوسٹوں اور کوسٹ گارڈز کی جانب سے ماہی گیروں کو بلاوجہ تنگ کرنے کی شکایات کا خاتمہ بھی ان کے مطالبات میں شامل ہیں۔

مولانا ہدایت کے بقول گودار شہر میں پانی کی سپلائی اور بجلی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مولانا نے اردو نیوز کو بتایا کہ مسائل کے حل تک ان کا دھرنا جاری رہے گا۔ ’عمران خان 126 دن کے ریکارڈ دھرنے کا کریڈٹ لیتے ہیں لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ہم کم ازکم 127 دن تک دھرنا دیں گے تاکہ پی ٹی آئی کے ریکارڈ کو تو توڑ دے۔

حکومت کہہ رہی ہے کہ مسائل حل کریں گے، کام ہو جائے گا، ہم اب کرنے کے وعدوں پر اعتبار نہیں کریں گے بلکہ کام ہوگا تب ہی دھرنا ختم کریں گے۔

گوادر کو حق دو‘ تحریک کے دھرنے اور گزشتہ مہنیوں کے دوران احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کا شمار مقامی سطح پر گوادر کی تاریخ کی بڑی احتجاجی سرگرمیوں میں ہو رہا ہے۔ مقامی صحافی صداقت بلوچ نے گوادر سے ٹیلی فون پر اردو نیوز کو بتایا کہ دھرنے میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہیں۔

ان کے مطابق روانہ چار سے پانچ ہزار لوگ دھرنے میں شریک ہوتے ہیں جب کہ رات کو دھرنے کے شرکا کی تعداد کم ہو کر پانچ سے چھ سو رہ جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ تحریک گوادر کی بڑی احتجاجی تحاریک میں سے ایک ہے، اس تحریک میں گوادر کے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد کسی سیاسی تفریق کے بغیر شریک ہے۔

awaz

انہوں نے بتایا کہ دھرنے کے چوتھے روز ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے کفن پوش احتجاجی ریلی نکالی تھی۔ سوشل میڈیا پر بھی ’گوادر کو حق دو‘ تحریک کے دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے گفتگو ہو رہی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد دھرنے کے شرکا کے مطالبات کی حمایت اور حکومت پر زور دے رہی ہے ان مسائل کا حل تلاش کرے۔