پاکستان:بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کوشکست،عمران خان نے بتائی وجہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2021
پاکستان:بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کوشکست،عمران خان نے بتائی وجہ
پاکستان:بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کوشکست،عمران خان نے بتائی وجہ

 

 

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ غلط امیدواروں کا انتخاب قرار دے دیا۔ حالانکہ تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے سبب عمران خان کی پارٹی کو ذلیل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’تحریک انصاف نے پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور خمیازہ بھگتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’غلط امیدواروں کا انتخاب ایک کلیدی سبب تھا، اب سے میں پختونخوا کے دوسرے مرحلے سمیت ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کےحوالے سے تحریکی حکمت عملی کی بذات خود نگرانی کروں گا‘۔

واضح ہوکہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو میئرز کے انتخابات میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے جبکہ چیئرمین تحصیل کونسلز کے انتخابات میں بھی جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 19 دسمبر کو صوبے کے 17 اضلاع کی 61 تحصیل کونسلز (چیئرمین) کی نشستوں میں سے 60 اور 5 سٹی کونسلز (میئرز) کی نشستوں میں سے 4 پر پولنگ ہوئی۔

کے پی بلدیاتی الیکشن میں 5 سٹی میئرز کے لیے انتخابات ہونے تھے تاہم سٹی کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے میئر کے امیدوار کو قتل کیے جانے کی وجہ سے ادھر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی اور 4 سٹی کونسلز مردان، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں سٹی میئر کیلئے پولنگ ہوئی۔

پشاور، مردان، بنوں اور کوہاٹ میں میئر کیلئے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوارکامیاب نہ ہوسکا۔