پاکستان : پشاورمیں سرعام پادری کا قتل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2022
پاکستان : پشاورمیں سرعام پادری کا قتل
پاکستان : پشاورمیں سرعام پادری کا قتل

 

 

پشاور :پاکستان میں ایک بار پھر اقلیتی برادری نشانہ پر ہے۔ اقلتیوں کو نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے۔  پشاور میں اتوار کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پادری ولیم سراج موقعے پر ہلاک جبکہ ان کے ساتھی پیٹرک زخمی ہو گئے۔اس واقعہ نے دہشت پیدا کردی ہے۔ 

گل بہار پولیس سٹیشن نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پشاور میں رنگ روڈ پر واقع مدینہ مارکیٹ کے پاس دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں پادری شہیدان آل سینٹ چرچ میں عبادات ختم ہونے کے بعد گھر جا رہے تھے۔ محرر قمر شہزاد نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر فی الوقت درج نہیں ہوئی البتہ مقتول اور زخمی پادری کے رشتہ داروں نے، جو ہسپتال کی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تھانے سے رابطہ کر لیا ہے۔

چرچ آف پاکستان کے بشپ سرفراز پیٹر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا اور انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ مسیحی برادری دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر متحد اور کمر بستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ولیم سراج اور پیٹرک ہزارخوانی کے پاس واقع ہمارے ایک چھوٹے سے چرچ ‘شہیدان آل سینٹس چرچ’ میں کام کرتے تھے۔ قاتل پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے تاکہ جیسے ہی وہ نکلیں تو حملہ کریں۔’

سرفراز پیٹر کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ مسیحی برادری پر ماضی میں بھی حملے ہوتے آئے ہیں۔2013 میں پاکستان کے ایک چرچ میں بیک وقت دو بم دھماکوں کو ملکی تاریخ میں کسی اقلیت کے خلاف سب سے بھیانک حملہ تصور کیا جاتا رہا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں تقریباً 127 مسیحی ہلاک اور 250 زخمی ہوئے تھے۔