پاکستان نے سنبھالی سلامتی کونسل کی صدارت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2025
پاکستان نے سنبھالی سلامتی کونسل کی صدارت
پاکستان نے سنبھالی سلامتی کونسل کی صدارت

 



اسلام آباد: پاکستان نے منگل کے روز کہا ہے کہ اس نے قانون اور کثیرالجہتی کے احترام کو فروغ دینے کے لیے مقصد، انکساری اور پختہ یقین کے ساتھ جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ سلامتی کونسل کی یہ صدارت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی دو سالہ غیر مستقل رکنیت کا حصہ ہے۔

پاکستان کو جنوری 2025 میں دو سالہ مدت کے لیے غیر مستقل رکن منتخب کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کو بھرپور حمایت حاصل ہوئی اور اسے 193 میں سے 182 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ سلامتی کونسل کی صدارت کا عہدہ ماہانہ بنیاد پر 15 رکن ممالک کے درمیان انگریزی حروفِ تہجی کے مطابق تبدیل ہوتا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا پاکستان اس ذمے داری کو مقصد، انکساری اور پختہ یقین کے جذبے کے ساتھ قبول کرتا ہے۔ ہمارا نقطۂ نظر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں، بین الاقوامی قانون کے احترام، اور کثیرالجہتی کے لیے مضبوط عزم پر مبنی ہوگا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر آصف افتخار احمد نے سرکاری نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو بتایا کہ پاکستان کی صدارت شفاف، جامع اور جواب دہ ہوگی۔ سفیر افتخار جولائی کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مختلف اہم عالمی امور پر ہونے والی میٹنگز کی صدارت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ پیچیدہ عالمی سیاسی منظرنامے، بڑھتی ہوئی عالمی بے چینی، امن و سلامتی کو لاحق خطرات، تنازعات کے پھیلاؤ اور انسانی بحرانوں سے مکمل آگاہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ پہلے ہی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے ملاقات کر چکے ہیں اور جولائی کے لیے کونسل کے کام کے منصوبے سے انہیں آگاہ کر چکے ہیں۔ سفیر افتخار نے ایک انٹرویو میں کہا ایک ایسا ملک جو ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کی وکالت کرتا رہا ہے، پاکستان سلامتی کونسل کے کام میں ایک اصولی اور متوازن انداز پیش کرے گا۔

یہ اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں پاکستان کی شمولیت کی بنیاد پر ہوگا۔ دفتر خارجہ کے مطابق جولائی کے دوران پاکستان کی صدارت میں دو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ 22 جولائی کو ایک اوپن ڈبیٹ (کھلی بحث) ہوگی، جس کا موضوع ہوگا،کثیرالجہتی اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کا فروغ۔ 24 جولائی کو ایک اجلاس ہوگا، جس کا موضوع ہوگا: اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون: اسلامی تعاون تنظیم ۔

ان دونوں اجلاسوں کی صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، اسحاق ڈار کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی کئی بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن رہ چکا ہے: 1952-53، 1968-69، 1976-77، 1983-84، 1993-94، 2003-04، اور 2012-13 کے ادوار میں۔