پاکستان- پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کےگھر میں داخل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2023
پاکستان- پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کےگھر میں داخل
پاکستان- پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کےگھر میں داخل

 

 لاہور:   پاکستان کا سیاسی ڈرامہ ہر پل ایک نیا رنگ اختیار کر رہا ہے ، پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے کے بعد ایک بڑا پولیس ایکشن شروع  ہوا- پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا ہے اور گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی ہے۔ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کردی ہیں۔

عمران خان کے گھر کے اندر سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی ہے اور پیٹرول بم بھی پھینکےگئے ہیں جس کے باعث پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے ہمراہ موجود اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم نے کرین کے ذریعے عمران خان کےگھر کا دروازہ اور دیوار توڑی، رہائش گاہ کے باہر موجود مورچوں اور تجاوزات کو بھی ہٹادیا گیا

 

پولیس کی قیدی وین اور واٹرکینن بھی کینال روڈ پر موجود ہے، پولیس کی جانب سے اسپیکرکے ذریعے دفعہ 144 کا اعلان کیا گیا اور زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف موجود کارکنوں سے منتشر ہونے کی اپیل کی گئی

پولیس نے اعلان کیا ہےکہ دفعہ 144 نافذ ہے، آپ سے گزارش ہے منتشر ہو جائیں، پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے پولیس کے خلاف نعرے لگائے گئے اور پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے آپریشن شروع کردیا اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اردگرد ڈنڈا بردار کارکن موجود ہیں،کارکن زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔ پولیس نے زمان پارک اور اطراف کے علاقوں کو کنٹینر اور بیرئیر لگا کر بند کر دیا ہے،

دھرم پورہ ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں، شہر کے مختلف راستے بند ہونے سے عوام پریشان ہیں۔ خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو زمان پارک میں 14 اور 15 مارچ کو ہونے والے واقعات میں تفتیش کے لیے رسائی کی اجازت دی تھی۔