پاکستان :آئینی ترمیم کی مخالفت، ہائی کورٹ کے جج کا استعفیٰ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
پاکستان :آئینی ترمیم کی مخالفت، ہائی کورٹ کے جج کا استعفیٰ
پاکستان :آئینی ترمیم کی مخالفت، ہائی کورٹ کے جج کا استعفیٰ

 



لاہور: پاکستان میں عدالتی بحران ہفتے کے روز مزید گہرا ہوگیا، جب سپریم کورٹ کے دو ججوں کے استعفے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے ایک سینئر جج نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ہائی کورٹ کے جج نے ایک نئی آئینی ترمیم کے نفاذ کے ذریعے ’’آئین اور عدلیہ پر کیے گئے حملے‘‘ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔

ترمیم شدہ قانون کے تحت آئینی نوعیت کے معاملات نمٹانے کے لیے ایک وفاقی آئینی عدالت قائم کی گئی ہے، جبکہ موجودہ سپریم کورٹ کو صرف روایتی دیوانی اور فوجداری مقدمات تک محدود کر دیا گیا ہے۔ ستائیسویں آئینی ترمیم کے تحت آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو 2030 تک فوج کے سربراہ کے طور پر برقرار رہنے کی اجازت بھی حاصل ہو جائے گی۔

لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) کے جج شمس محمود مرزا نے اپنا استعفیٰ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس متنازع ترمیم کے قانون بننے کے بعد کسی بھی ہائی کورٹ سے استعفیٰ دینے والے پہلے جج بن گئے۔ جسٹس مرزا کی ریٹائرمنٹ 6 مارچ 2028 کو ہونے والی تھی۔

وہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ جمعرات کے روز، صدر آصف علی زرداری کی جانب سے 27ویں ترمیم کی منظوری دیے جانے کے چند گھنٹوں بعد ہی سپریم کورٹ کے سینئر جج— جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ— نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا اور اس اقدام کو عدلیہ اور 1973 کے آئین کی توہین قرار دیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اس ترمیم کو ‘‘آئین پر سنگین حملہ’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 27ویں ترمیم نے پاکستان کی سپریم کورٹ کو تباہ کر دیا ہے، عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت کر دیا ہے اور ہمارے آئینی جمہوریت کی بنیادوں پر ضرب لگائی ہے۔

اس ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت کی تشکیل کی گئی ہے۔ یہ ترمیم دیگر تبدیلیوں کے علاوہ عدلیہ کے کام کو دو حصّوں میں تقسیم کرتی ہے آئینی مقدمات اور ججوں کے تبادلے۔ انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس نے 27ویں ترمیم کی منظوری کو عدلیہ کی آزادی پر ایک ‘‘بڑا حملہ’’ قرار دیا ہے۔