پاکستان: عمران کی بہن علیمہ خان کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2026
پاکستان: عمران کی بہن علیمہ خان کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ
پاکستان: عمران کی بہن علیمہ خان کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ

 



راولپنڈی: راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور قانونی کارروائی تیز کرنے کا عندیہ دے دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے غیر حاضری پر ایک بار پھر علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اے ٹی سی نے علیمہ خان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ ان کے مطابق وارنٹ جاری ہونے کے باوجود ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں، اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی بنیاد پر ان کی ضمانت منسوخ کی جانی چاہیے۔

پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح ابھی باقی ہے، تاہم بار بار التوا کی درخواست دے کر ٹرائل میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ پراسیکیوٹر کے مطابق کیس آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے مگر ملزمہ عدالتی کارروائی میں تعاون نہیں کر رہیں۔ عدالت نے وارنٹِ گرفتاری پر فوری عملدرآمد کے لیے پولیس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔