راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے گزشتہ سال 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں علیمہ خان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی صدارت کرتے ہوئے علیمہ کے بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر چوتھی بار ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
گزشتہ سال 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے حامی عوامی اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلام آباد میں داخل ہوئے اور ڈی چوک کے قریب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
سابق حکمران جماعت کا تین روزہ احتجاج قانون نافذ کرنے والوں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد اچانک ختم کر دیا گیا۔ 26 نومبر 2024 کو ہونے والے احتجاج کا مقصد پی ٹی آئی کے بانی کی رہائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا تھا۔ 71 سالہ کرکٹر سے سیاستدان بنے اگست 2023 سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں جب ان پر اپریل 2022 میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد بدعنوانی سے لے کر دہشت گردی تک کے متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔
آج کی سماعت کے دوران اے ٹی سی جج نے علیمہ کے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا اور ان کے ضامن عمر شریف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، عدالت نے عمران خان کی بہن کو 10 لاکھ روپے کے دو نئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
اے ٹی سی نے راولپنڈی کے ایس پی راؤ محمد سعد اور ڈی ایس پی نعیم کو توہین عدالت پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے علیمہ کی گمشدگی سے متعلق ان کی رپورٹس کو بوگس قرار دیا۔ عدالت نے دونوں افسران کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ علیمہ خان کیسے روپوش ہو سکتی ہیں جب کہ اڈیالہ جیل کے باہر ان کی میڈیا گفتگو نشر ہوتی رہی۔ بعد ازاں عدالت نے مزید کارروائی 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔