پاکستان: میرے ’اغوا‘ پر جی ایچ کیو کے سامنے ہی احتجاج ہونا تھا: عمران خان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-05-2023
پاکستان: میرے ’اغوا‘ پر جی ایچ کیو کے سامنے ہی احتجاج ہونا تھا: عمران خان
پاکستان: میرے ’اغوا‘ پر جی ایچ کیو کے سامنے ہی احتجاج ہونا تھا: عمران خان

 

لاہور: پاکستان کے  سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب ’فوج مجھے غیرقانونی طریقے سے اغوا‘ کر کے لے جا رہی تھی تو کیا لوگوں کو پُرامن احتجاج کا حق نہیں تھا؟اتوار کو اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’جب لوگوں نے دیکھا کہ مجھے رینجرز جو پاکستانی فوج ہے، غیرقانونی طریقے سے اغوا کر کے لے جا رہی ہے اور لوگوں کو ڈنڈے مارے، مجھے مارا، جس طرح مجھے لے کر جا رہے تھے تو کیا انہیں پرُامن احتجاج کا حق نہیں تھا۔

 اور انہوں نے کدھر احتجاج کرنا تھا جی ایچ کیو کے سامنے کرنا تھا۔ جدھر فوج ہو گی ادھر ہی (احتجاج) کرنا تھا اور کدھر جا کر احتجاج کرتے، پُرامن احتجاج ان کا حق تھا۔ جن لوگوں نے جلاؤ گھیراؤ کیا، توڑ پھوڑ کی ان کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔‘
’کوئی شک نہیں یہ پلان ہے کہ عورتوں کو غیرسیاسی کیا جائے‘
عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ ’کل رات 12:30 پر رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس کی اور اس پریس کانفرنس کے بعد مجھے کوئی شک نہیں رہا کہ تحریک انصاف کی خواتین کو انہوں (حکومت) نے جس طرح پکڑا اور جس طرح انہیں جیلوں میں ڈالا، اور ہمیں خبریں آ رہی تھیں کہ ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا گیا، ان کے ساتھ ریپ کا بھی ہم نے سنا۔ تو جب اس نے پریس کانفرنس کی میرے سارے شک دور ہو گئے۔‘
’کیونکہ جو (رانا ثنااللہ) اس نے باتیں کیں اس کا مطلب دو ہی چیزیں ہیں، یا ان کو ڈر لگ رہا ہے کہ وہ خواتین جب جیلوں سے نکلیں گیں تو بتائیں گی کہ ان کے ساتھ کیا ہوا یا ان کو خوف ہے کہ کوئی چیز ایسی ہو گی جو ان سے اب سنبھالی نہیں جا رہی اور ان کو ڈر لگا ہوا ہے کہ وہ بات نکل آئی تو پہلے سے ہی تیاری کر لو کہ یہ کوئی بہت بڑی سازش تھی اور تحریک انصاف نے یہ سب کچھ خود ہی کروایا۔