پاکستان: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2025
پاکستان: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک
پاکستان: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک

 



بنوں: پاکستان کے بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں پولیس، محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشنز کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی میں تین اہم کمانڈر بھی مارے گئے، جب کہ کئی دہشت گرد زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔

سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق، تمام آپریشنز میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار محفوظ رہے۔ اہلِ علاقہ نے بھی بھرپور تعاون کیا، جس سے کارروائیاں کامیابی سے مکمل ہوئیں۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کارروائیاں کی گئیں، جن میں مزید 15 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی کے فتنے سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ: عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دہشت گردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا کیا جائے گا۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے، تاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔