پاکستان لانگ مارچ: صدر نے طلب کیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2022
پاکستان لانگ مارچ: صدر نے طلب کیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس
پاکستان لانگ مارچ: صدر نے طلب کیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس

 


اسلام آباد ۔ پشاور :  پاکستان میں سیاسی ہنگامہ آرائی نے افراتفری کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ پاکستا ن تحریک پاکستان کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ جس کے سبب آج صبح سے ہی پشاور سے کراچی اور لاہور سے اسلام آباد تک ہنگامی حالات ہیں۰ حکومت نے اسلام آباد ہائی وے کو بند کردیا پے ۔گرفتاریاں جاری ہیں جبکہ ہائی وے کو رکاوٹیں لگا کر بند کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ملک کے حالات کے سبب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ بدھ کو ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 26 مئی کو سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 (1) کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا ہے۔ جی ٹی روڈ کو راوی پل پر کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح موٹر وے پر چڑھنے کے لیے لاہور کے تمام انٹرچینج بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے سے لاہور کا داخلی اور خارجی راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ لوگ پیدل ہی شہر کےاندر داخل ہو رہے ہیں۔ ایک روز قبل پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستے عوام کے لیے کھلے رہیں گے تاہم عملی طور پر ایسا نہیں ہے۔ تحریک انصاف نے نیازی چوک راوی پل سے پہلے اپنے کارکنان کو اکھٹا ہونے کی کال دی تھی جبکہ دوسرا اکٹھ بابو صابو انٹرچینج پر رکھا گیا تھا۔ ابھی تک پی ٹی آئی کی اکا دکا ٹولیاں ہی دونوں مقامات پر پہنچی ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست، عدالت کا گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ بدھ کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا حکومت کو تمام گرفتار افراد کے کیسز پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے خلاف کوئی انفارمیشن ہو تو اس متعلق عدالت کو آگاہ کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالت کو بتایا ’اطلاع ملی کہ مظاہرین نے ڈنڈے اور لاٹھیاں جمع کر رکھی ہیں اور میٹرو بس سٹیشن کے شیشے توڑنے ہیں۔‘ ’70 کے قریب افراد کو 16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔‘ چیف جسٹس نے استفسار کیا جب کوئی ایکٹ نہ ہوا ہو تو آپ کیسے گرفتار کر سکتے ہیں؟ ’اگر کوئی رپورٹ ہے کہ کسی نے میٹرو سٹیشن کو نقصان پہنچانا ہے تو اس سے شورٹی بانڈ لے لیں۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، اسلام آباد کنٹینرز کے حصار میں

اسلام آباد کی مرکزی سڑکوں پر آج صبح ٹریفک میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کاروباری دن ہونے کے باوجود سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم رہا۔ اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے ملحقہ علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں لگا کر روکا گیا ہے۔ سری نگر ہائی وے پر اسلام آباد کے داخلی سیکٹر جی 13 پر کنٹینر لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کا دباؤ غیر معمولی طور پر کم رہا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی فیض آباد کے مقام سے بند کیا گیا جس کے باعث راولپنڈی سے اسلام آباد کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ گلبرگ پل پر بھی کنٹینرز لگا کر نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے جس سے لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ آنے والی ٹریفک کو روکا گیا ہے۔ مری سے آنے والی سڑک پر بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔