پاکستان: سڑک حادثہ میں 34 افراد ہلاک، 40 زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2021
خوفناک سڑک حادثہ
خوفناک سڑک حادثہ

 

 

   اسلام آباد، 19 جولائی (یو این آئی)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غاز ی خان میں پیر کے روز انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ۔

حادثے کے وقت بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد راحت رساں موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان پہنچایا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چار افراد کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 34 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ مسٹر فواد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک حادثات سے بچنے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار بس تکنیکی اعتبار سے مس فٹ نکلی، اڑتالیس مسافر وں کی گنجائش تھی،بس میں اٹہتر افراد سوار تھے، ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر متاثرہ بس کا معائنہ کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا۔ آرپی او ڈیرہ غازی خان فیصل رانا نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ بس کا ایکسلیٹر ناکارہ تھا، ڈرائیور ریس کی تار ہاتھ سے پکڑ کر گاڑی چلارہا تھا سنگین انسانی غفلت کے باعث سیالکوٹ سے ڈی جی خان تک بس کو کہیں نہیں روکا گیا، اور نہ ہی اس کا چالان ہوا۔

دوسری جانب حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد چونتیس تک جاپہنچی ہے، ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج مزید سات مسافر دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ چالیس سے زائد زخمی تاحال زیر علاج ہیں، جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق بیشتر افراد مزدور تھے جو سیالکوٹ میں کام کرتے تھے اور عید منانے گھروں کو واپس آرہے تھے، سانحے میں جاں بحق افراد میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چھبیس افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو منتقل کی جاچکی ہیں