پاکستان:ایک دن میں 200 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2021
فوج اتر گئی پاکستان میں
فوج اتر گئی پاکستان میں

 

 

اسلام آباد ۔ ہندوستان کے بعد اب کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث پاکستان بھی شدید متاثر ہے،پاکستان میں حکومت نے کورونا کی روک تھام کےلئے جاری ہدایات پر عمل درآمد کرانے کےلئے فوج کو اتار دیا ہے۔شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملک میں وبا سے پہلی بار 200 سے زائد افراد انتقال کر گئے جبکہ 5292 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 201 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح10.77 فیصد رہی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 17530 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 10231 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 88207 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4678 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 4494 ہو گئی ہے۔۔

 ایران نے بند کی سرحد 

حالات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایرانی انتظامیہ نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد پاکستان کے ساتھ اپنی سرحد جزوی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفتان بارڈر پر امیگریشن گیٹ بدھ (آج) کو غیر معینہ مدت کے لیے بند ہوجائے گا۔تفتان سے لیویز فورس کے افسر نے بتایا کہ ایرانی حکام نے تفتان کی مقامی انتظامیہ کو اپنے اس فیصلے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔