پاکستان : افغانستان سے دراندازی کی کوشش، 30 کی موت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2025
پاکستان : افغانستان سے دراندازی کی کوشش، 30 کی موت
پاکستان : افغانستان سے دراندازی کی کوشش، 30 کی موت

 



 اسلام آباد:  پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر تناو بڑھ گیا ہے ، جمعے کے روز  پاکستانی فوج نے کہا کہ  گزشتہ تین دنوں کے دوران افغانستان سے سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 30 عسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے ہیں۔فوج کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شمالی وزیرستان میں کی گئیں، جہاں پچھلے ہفتے ایک خودکش دھماکے میں 16 فوجی  بھی ہلاک  ہو گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے جانے والے شدت پسند کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس سے وابستہ گروپوں کے ارکان تھے ۔فوج نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور بھرپور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے ممکنہ سانحے کو روک دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: سکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور تمام 30 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔