پاکستا ن ۔ جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-11-2025
پاکستا ن ۔ جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا
پاکستا ن ۔ جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا

 



کراچی۔پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں آئے دن نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین ایک دھماکے سے بال بال بچ گئی۔ یہ واقعہ اس کے آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے ایک دن بعد پیش آیا۔ اس کی خدمات تقریباً ایک ہفتہ پہلے سکیورٹی خدشات کے باعث معطل کی گئی تھیں۔اتوار کو ناصر آباد کے علاقے میں ٹرین کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔ چند ماہ قبل اسی ٹرین پر ہونے والے مہلک حملے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والے راستے پر بچھائی گئی پٹری میں بارودی مواد نصب کر کے دھماکہ کیا۔

دھماکے سے پٹری کا ایک حصہ نقصان کا شکار ہوا مگر ٹرین محفوظ رہی۔ دھماکے کے بعد چند گھنٹوں کے لیے ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ناصر آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس غلام سرور نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ کر شدت پسندوں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر چکی ہیں۔ ساتھ ہی نقصان پہنچنے والے ٹریک کی مرمت بھی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس اپنے طویل سفر میں کئی دور افتادہ پہاڑی علاقوں سے گزرتی ہے اور ایسے کئی مقامات ہیں جہاں شدت پسند کارروائیاں کر سکتے ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں ریلوے حکام نے 9 نومبر سے 12 نومبر تک کوئٹہ سے پشاور کے درمیان ٹرین سروس سکیورٹی خدشات کے باعث معطل کی اور پھر اسے مزید دو دن کے لیے بڑھا دیا تھا۔ ٹرین سروس ہفتے کے روز بحال کی گئی تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ شدت پسندوں نے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا ہو۔ اس سال بھی اس کی سروس کئی بار متاثر ہو چکی ہے۔11 مارچ کو سب سے بڑا حملہ ہوا جب بلوچستان لبریشن آرمی نے 380 مسافروں کے ساتھ جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کر لیا۔ اس واقعے میں پہاڑی علاقے میں دو روزہ محاصرہ ہوا اور 26 افراد کی جانیں گئیں۔ بعد میں سکیورٹی فورسز نے 354 مسافروں کو بحفاظت نکالا جبکہ 33 شدت پسند مارے گئے۔

اکتوبر میں سندھ میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا جس سے ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔سرور کے مطابق اس سال اب تک کم از کم پانچ واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں شدت پسندوں نے ٹریک پر دھماکے کیے۔ ایک واقعے میں ٹرین پر راکٹ بھی فائر کیے گئے۔دو واقعات میں ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور مسافر زخمی ہوئے مگر مارچ کے بعد سے ٹرین پر اضافی سکیورٹی تعینات ہے۔