آپریشن سیندور میں تباہ ہوئے نور خان ایئربیس کو دوبارہ تعمیر کر رہا ہے پاکستان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-09-2025
آپریشن سیندور میں تباہ ہوئے نور خان ایئربیس کو دوبارہ تعمیر کر رہا ہے پاکستان
آپریشن سیندور میں تباہ ہوئے نور خان ایئربیس کو دوبارہ تعمیر کر رہا ہے پاکستان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان نے آپریشن سیندور میں پاکستانی فوج کے جس ایئربیس کو تباہ کر دیا تھا، اسے دوبارہ تیار کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کو ملی نئی سیٹلائٹ تصویروں سے پتہ چلا ہے کہ پاکستان نے نور خان ایئربیس کی مرمت اور تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے محض 25 کلومیٹر کی دوری پر واقع یہ ایئربیس فضائیہ کا ایک اہم اڈہ ہے۔
ہندوستان نے پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو سبق سکھانے کے لیے 10 مئی کو نور خان بیس پر حملہ کیا تھا۔ اس دوران احاطے میں کھڑے دو خاص ٹرکوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں دونوں ٹرک اور عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔ یہ کوئی عام ٹرک نہیں تھے بلکہ ان کا استعمال ڈرون کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے طور پر کیا جا سکتا تھا۔
ہندوستان نے سرکاری طور پر یہ کبھی نہیں بتایا کہ اس حملے میں کون سی میزائلیں استعمال کی گئیں۔ البتہ یہ امکان ظاہر کیا جاتا ہے کہ بَرموس یا اسکَیلپ میزائلوں سے یہ وار کیا گیا تھا۔ آپریشن سِندور کے دوران ہندوستان نے سُخوئی-30 طیاروں سے برموس میزائل داغے تھے، جبکہ اسکَیلپ میزائلیں رافیل فائٹر سے فائر کی گئی تھیں۔
سیٹلائٹ تصویروں میں نور خان ایئربیس پر تعمیراتی کام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
تصویروں میں دکھی تباہی
۔25 اپریل: حملے سے پہلے کی سیٹلائٹ تصویروں میں نظر آیا کہ دونوں ٹرکوں کے اطراف ترپال لگائی گئی تھی تاکہ وہاں کی سرگرمیوں کا پتہ نہ چلے۔
۔10 مئی: حملے کے بعد کی تصویروں میں دونوں ٹرک اور آس پاس کی عمارتوں کو شدید نقصان ہوتا ہوا دکھائی دیا۔
۔17 مئی: تصویروں میں دکھا کہ ایئربیس پر حملے والی جگہ کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
۔3 ستمبر: فوٹو میں اس مقام پر دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں نظر آئیں اور وہاں نئی دیواریں بھی کھڑی کی گئی ہیں۔
جیو انٹیلی جنس ایکسپرٹ ڈیمین سائمن نے بتایا کہ حالیہ سیٹلائٹ تصویروں سے صاف ظاہر ہے کہ پاکستان نے نور خان ایئربیس پر ہندوستان کے حملے کے بعد دوبارہ تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے۔ ہندوستان نے ایئربیس کے اندر خاص فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کی وجہ سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے بعد متاثرہ جگہ کے اطراف کی عمارتوں کو بھی بعد میں گرایا گیا، غالباً ہندوستان کے حملے سے انہیں جو نقصان پہنچا تھا اسی وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا۔ حملے میں عمارتوں کے علاوہ اندرونی نظام اور وائرنگ کو بھی نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔
نور خان ایئربیس کی اہمیت کیا ہے؟ یہ ایئربیس پاکستانی آرمی کے ہیڈکوارٹر کے قریب واقع ہے۔ یہ پاکستان کے فوجی طیاروں کا ایک بڑا اڈہ ہے۔ ہوا میں ایندھن بھرنے والے آئی ایل-78 اور سی -130 ٹرانسپورٹ طیارے یہاں تعینات رہتے تھے۔
ڈیمین سائمن نے بتایا کہ ایئربیس پر حملے والی جگہ پر جو نئی دیواریں بنائی گئی ہیں وہ پچھلے نقشے سے مطابقت رکھتی ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ حملے میں محفوظ بچ جانے والے ڈھانچے پر ہی نئی دیواریں کھڑی کی گئی ہوں۔