پاکستان: عمران خان کا خط چیف جسٹس کے نام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
پاکستان: عمران خان کا خط چیف جسٹس کے نام
پاکستان: عمران خان کا خط چیف جسٹس کے نام

 



اسلام آباد:پاکستان کی جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر اسلام آباد ہائی کورٹ کے مبینہ جانبداری، 2024 کے انتخابات میں دھاندلی اور دیگر مسائل کے بارے میں شکایت کی ہے۔ جمعرات کو یہ خبر میڈیا میں سامنے آئی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو یہ خط پیش کیا۔ اخبار ’ڈان‘ کے مطابق 16 ستمبر کو لکھے گئے اس خط میں چیف جسٹس آفریدی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو چند ’’اہم عرضیوں‘‘ کی سماعت کے لیے وقت مقرر کرنے کی ہدایت دیں، جو طویل عرصے سے ’’غیریقینی کے بھنور میں معطل‘‘ ہیں۔

خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں اس عدالت کے مبینہ ’’مشکوک طرزِ عمل‘‘ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے خط میں دعویٰ کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ’’26ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے اپنے عہدے پر برقرار ہیں‘‘ اور انہوں نے ’’القدیر ٹرسٹ کیسز اور توشہ خانہ ریویو پٹیشنز کو جان بوجھ کر نمٹانے سے انکار کیا۔‘‘

خان نے الزام لگایا، ’’انہوں نے (جسٹس ڈوگر نے) انصاف پسندی کو مکمل طور پر ترک کر دیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کو میرے اور مجھ سے وابستہ افراد کے خلاف ایک ظالمانہ اور ناانصافی پر مبنی مہم کا مرکز بنا دیا ہے۔‘‘ کرکٹ سے سیاست میں آنے والے خان (72) کئی مقدمات میں دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں۔ وہ اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

اس سال کے آغاز میں القدیر ٹرسٹ کیسز میں خان اور ان کی اہلیہ کو مجرم قرار دیے جانے کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی جیل پہنچ گئیں۔ خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت پی ٹی آئی نے گزشتہ برس کے عام انتخابات میں ’’سخت حربوں، تمام مخالف آوازوں کو دبانے اور میرے جیل میں ہونے کے باوجود‘‘ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے لکھا، ’’اس کے باوجود عوام کا مینڈیٹ راتوں رات چرا لیا گیا، جمہوریت کو تماشا اور آئین کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔

دولتِ مشترکہ کی 2024 کی لیک ہوئی رپورٹ نے بھی اس دعوے کی توثیق کی ہے۔‘‘ اگرچہ پاکستان پر دولتِ مشترکہ مبصر گروپ (COG) کی رپورٹ ابھی تک باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئی ہے، لیکن ایک خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ گروپ نے انتخابات میں بے ضابطگیاں پائے جانے کے بعد ’’اپنی رپورٹ کو دبا دیا۔‘‘ خان نے کہا کہ نام نہاد 26ویں آئینی ترمیم کو اس انتخابی ڈکیتی کو جائز قرار دینے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اسے چیلنج کرنے والی عرضیاں آپ کی عدالت میں ابھی تک التوا میں ہیں۔