پاکستان : ’حافظ‘عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-11-2022
پاکستان : ’حافظ‘عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر
پاکستان : ’حافظ‘عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر

 

 

 اسلام آباد :پاکستان میں فوجی سربراہ کا مسئلہ حل ہوگیا۔ اونٹ ایک کروٹ بیٹھ گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے جمعرات کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل عاصم  منیر ایک حافظ ہیں بلکہ ان کا خاندان حفاظ کا خاندان کے نام سے مشہور تھا ۔  وزیر اعظم شریف نے اس کی ایڈوائس صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں اس معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے ایڈوائس صدر کو بھیج دی ہے۔ سارے معاملات آئین اور قانون کے مطابق طے پائے ہیں

ان کا مزید کہنا تھاکہ ’امید ہے صدر اس ایڈوائس کو سیاسی طور پر نہیں دیکھیں گے۔ اس معاملے کو متنازع نہیں بنائیں گے۔ صدر کو اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں فاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتیوں سے متعلق وفاقی کابینہ سے مشاورت کی گئی جبکہ دیگر امور کی بھی منظوری لی گئی۔

 لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا 

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ’ایڈوائس صدر علوی کے پاس چلی گئی ہے.اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازع۔ صدر علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پہ عمل کری گے یا آئینی و قانونی ایڈوائس پہ بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈرادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔

خیال رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آرمی چیف کی تقرری کی سمری جی ایچ کیو سے وزارت دفاع کو بھیجی گئی تھی جو بعدازاں وزیراعظم آفس کو موصول ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو نے سینئیر ترین 6 لیفٹیننٹ جنرلز کے نام پر مشتمل سمری ارسال کی تھی۔

جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چئیرمین جوائٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتیوں سے متعلق وفاقی کابینہ سے مشاورت کی گئی تھی۔

جنرل عاصم منیر کون ہیں؟

راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد سے تعلق رکھنے والے جنرل عاصم منیر پاکستان کی فوج کے اُن افسران میں سے ہیں جو آفیسر ٹریننگ سکول (او ٹی ایس) کے ذریعے آرمی آفیسر بنے۔ ان کا تعلق منگلا کے سترھویں او ٹی ایس کورس سے ہے۔

جنرل عاصم منیر ایک لائق طالب علم تھے اور جب وہ 1974 میں میرے والد صاحب کے مدرسے میں قرآن مجید حفظ کرنے آئے تو انہوں نے صرف دو سال کے اندر قرآن حفظ کرکے اپنی ذہانت ثابت کر دی تھی۔‘

یہ کہنا ہے جنگ گروپ سے منسلک سینیئر صحافی حافظ طاہر خلیل کا جن کے والد حافظ خلیل احمد جنرل عاصم منیر کے اُستاد تھے۔ جنرل عاصم منیر کے والد سید سرور منیر راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی کے سکول میں پرنسپل تھے۔ انہوں نے اپنے محلے میں مسجد بنوائی جہاں حافظ خلیل قران پڑھانے جایا کرتے تھے۔ اہلِ محلّہ کے مطابق جنرل عاصم منیر کا خاندان ’حفّاظ کا خاندان‘ مشہور تھا۔ ان کے دونوں بھائی قاسم منیر اور ہاشم منیر بھی حافظِ قران ہیں۔

حافظ طاہر خلیل کا کہنا ہے کہ ’میرے والد اور جنرل عاصم کے والد گہرے دوست تھے اور دونوں نے طے کیا تھا کہ اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے قبل قرآن حفظ کرانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنرل عاصم نے قرآن مجید مکمل کر کے سکول میں داخلہ لیا تھا۔

جنرل عاصم منیر کو فرنٹیر فورس ریجمنٹ کی 23 ویں بٹالین میں کمیشن ملا تھا۔ وہ اپنی ترقی اور موجودہ تعیناتی سے قبل ایک تھری سٹار جنرل کے طور پر کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر جی ایچ کیو میں تعینات تھے۔

انہیں ستمبر 2018 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی تاہم انہوں نے 27 نومبر 2018 کو پاکستان کی انٹیلی جینس ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر چارج سنبھالا تھا۔ ان کا آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر دور تاریخ میں مختصر ترین سمجھا جاتا ہے اور صرف نو ماہ بعد ہی انہیں اچانک 2019 میں کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل وہ ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور فورس کمانڈر نادرن ایریاز کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بطور لیفٹیننٹ کرنل کے طور پر سعودی عرب میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔