پاکستان: گیس لیک سے دھماکہ، 16 افراد ہلاک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2026
پاکستان: گیس لیک سے دھماکہ، 16 افراد ہلاک
پاکستان: گیس لیک سے دھماکہ، 16 افراد ہلاک

 



کراچی: پاکستان کے شہر کراچی میں جمعرات کو صبح ایک رہائشی عمارت میں گیس لیک کے باعث دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 16 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ پولیس اور امدادی اہلکاروں نے یہ اطلاع دی۔ پولیس افسر جمشید اشر نے کہا، "دھماکہ صبح ساڑھے چار بجے عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ یہ عمارت اولڈ سولجر بازار کے علاقے میں ہے۔

واقعہ 'سحری' کے وقت پیش آیا۔" پاکستان میں آج رمضان کے مہینے کا پہلا دن ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ ممکنہ طور پر گیس کا لیک ہونا تھی۔ کراچی میں گیس کی کمی کے باعث خاص طور پر کم آمدنی والے رہائشی علاقوں میں کئی خاندان اپنے گھروں میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) سلنڈر استعمال کرتے ہیں۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے تصدیق کی کہ انہیں دھماکے کی جگہ سے اب تک 14 لاشیں ملی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ عمارت کی مخدوش حالت کے باعث دھماکے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ چیف فائر آفیسر حمیون خان نے کہا، "ہم ابھی بھی ملبے اور باقیات میں تلاش کر رہے ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کیا کوئی اور لاش یا زندہ شخص دباہوا ہے۔"

ہلاک شدگان میں کم از کم نو بچے شامل ہیں جن کی عمر دو سے 17 سال کے درمیان تھی، جبکہ زخمیوں میں بھی سات بچے شامل ہیں۔ کراچی میں یہ دوسرا بڑا دھماکہ ہے۔ پچھلے ماہ صدر علاقے میں واقع تھوک اور خوردہ مارکیٹ 'گل شاپنگ پلازہ' کے تہہ خانے میں آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم 79 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔