پاکستان: سوات میں سیلاب، 18 سیاح دریا میں بہہ گئے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-06-2025
پاکستان: سوات میں سیلاب، 18 سیاح دریا میں بہہ گئے
پاکستان: سوات میں سیلاب، 18 سیاح دریا میں بہہ گئے

 



پشاور: پاکستان کے خیبرپختونخوا کے حسین وادی سوات میں موسلا دھار بارش کے بعد اچانک آنے والے شدید سیلاب نے درجنوں سیاحوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مختلف مقامات پر 70 سے زائد افراد پانی میں پھنس گئے، جن میں 18 سیاح تیز ریلے میں بہہ گئے۔ اس افسوسناک سانحے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار اہلکاروں کو معطل اور واقعے کی فوری انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔ حادثے کے چشم دید گواہ نصراللہ کے مطابق سوات بائی پاس روڈ پر ایک ریستوران میں ناشتہ کرنے کے بعد تقریباً 20 سیاح دریا کے درمیان ایک خشک جگہ پر چلے گئے۔ اسی دوران اچانک طغیانی آئی اور وہ سب پانی میں گھر گئے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 18 افراد میں سے اب تک 9 کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے اور باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات، شہزاد محبوب نے بھی 18 افراد کے بہہ جانے کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق بائی پاس روڈ پر متاثرہ دو خاندانوں میں سے ایک کا تعلق ڈسکہ پنجاب سے تھا جبکہ دوسرا مردان سے آیا تھا۔

متاثرہ خاندان کے ایک فرد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ناشتے کے بعد اہل خانہ سمیت دریا کے کنارے گئے تھے۔ ’خواتین اور بچے سیلفیاں بنا رہے تھے کہ اچانک تیز ریلہ آیا اور سب درمیان میں پھنس گئے۔‘

ایک اور سیاح نے بتایا کہ اس کے دو بیٹے اور خاندان کے آٹھ بچے اب تک لاپتہ ہیں جبکہ دو خواتین کی لاشیں مل چکی ہیں۔ انہوں نے آبدیدہ ہو کر کہا کہ وہ محض سیر و تفریح کے لیے آئے تھے مگر ان کا سب کچھ اجڑ گیا۔

ڈپٹی کمشنر شہزاد محبوب نے اردو نیوز کو مزید بتایا کہ شدید طغیانی کے باعث مختلف مقامات پر 70 سے زائد افراد پانی میں پھنس گئے تھے جن میں سے 55 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔