پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-07-2021
پاکستان میں کورونا کا نیا خطرہ
پاکستان میں کورونا کا نیا خطرہ

 

 

پاکستان کے وفاقی ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ایک سینیئر عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم تیزی سے پاکستان میں پھیل رہی ہے۔ ملک میں روزانہ مثبت کیسز کی نصف تعداد ڈیلٹا ویریئنٹ کی ہے۔

تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈبل میوٹینٹ ڈیلٹا ویریئنٹ کا پہلا کیس گذشتہ سال اکتوبر میں بھارت میں سامنے آیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے کورونا کی یہ قسم دنیا کے بہت سے ممالک میں پھیل گئی۔

اس ویریئنٹ کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس سے پہلے اقسام کی نسبت اس میں زیادہ شدید بیماری جنم لیتی ہے، خاص طور پر کم عمر افراد میں۔

وبا کی تیسری لہر کے بعد حالیہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد پاکستان میں روزانہ مثبت کیسز کی شرح ہفتے کے روز 28.3 تک جا پہنچی جس کی شرح 28 جون کو محض 1.79 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

درالحکومت اسلام آباد میں حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مثبت کیسز کا تناسب بڑھ کر 7.1 فیصد تک جا پہنچا۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مسلسل چوتھے روز بھی 15 سو سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے این آئی ایچ کے فوکل پرسن ڈاکٹر ممتاز علی خان کے مطابق ہمارے ہاں روزانہ مثبت کیسز میں نصف سے زیادہ تعداد ڈیلٹا ویریئنٹ پر مشتمل ہیں جو ظاہر ہے کہ یہ اچھی علامت نہیں ہے۔

انہوں نےمزید کہا: ’واضح طور پر مثبت کیسز میں ڈیلٹا قسم کی روزانہ کی تعداد اب سینکڑوں تک جا پہنچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے شروع ہونے والی اقسام ’ایلفا‘ اور ’بیٹا‘ سے انفیکشن کے کیس میں سامنے آ رہے ہیں۔