پاکستان: نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا قیام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2023
پاکستان: نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا قیام
پاکستان: نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا قیام

 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ’ہم ایک نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھنے آئیں ہیں۔ ہمارا ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے
 نئی سیاسی جماعت بنانے کی ضرورت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے سے لے کر اب تک میرا صرف ایک ہی مقصد رہا ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالوں۔ اس طویل سفر میں مجھے بہت سارے لوگوں سے ملنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ میں نے ان کے تجربے اور سیاسی بصیرت سے بہت کچھ سیکھا۔
’آپ سب یہ یاد رکھیں کہ میں ایک روایتی سیاستدان نہیں تھا۔ میں سیاست میں دیر سے آیا اور کسی مقصد سے آیا۔ اسی جذبے کے تحت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔ مجھے یقین تھا کہ اس جماعت کے پلیٹ فارم سے ہم وہ تمام اصلاحات لانے میں کامیاب ہو جائیں گے جن کی پاکستان کو ضرورت تھی اور ہے۔‘
جہانگیر ترین نے کہا کہ ’اسی لیے ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے دن رات محنت کی۔ آپ یہاں بیٹھے ہوئے جب لوگوں کو دیکھ رہے ہیں وہ سب اسی جدوجہد کا حصہ تھے۔ 2013 کے الیکشن کے بعد ہم نے پارٹی کے اندر ایک نیا جوش اور جذبہ پیدا کیا۔ آنے والوں دنوں میں آپ کے سامنے ایسے حقائق آ جائیں گے جن سے آپ سب کو علم ہو گا کہ ہم نے پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے کس حد تک محنت کی۔‘