پاکستان : برطانوی ہائی کمشنر اٹھا رہے ہیں کوڑا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2021
صفائی کا پیغام ہے پاکستان تک پہنچے
صفائی کا پیغام ہے پاکستان تک پہنچے

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے شہریوں کی جانب سے پہاڑی علاقے میں کوڑا کرکٹ پھیلانے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر جمعے کی صبح اسلام آباد میں واقع مارگلہ ہلز چہل قدمی کے لیے گئے، جہاں انہوں نے کوڑا کرکٹ دیکھا۔غیر ملکی سفیر نے مارگلہ ہلز پر پھیلے کچرے کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کیں اور پاکستانیوں کو صفائی کا سبق بھی دیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’صفائی نصف ایمان ہے لہذا خوبصورت اسلام آباد کو صاف رکھیں‘۔ کرسچن ٹرنر نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر موجود کچرے کو خود صاف کیا۔ انہوں نے وہاں موجود کچرے کو دو بڑے بیگوں میں جمع کر کے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

 

 

ساتھ میں برطانوی ہائی کمشنر نے لکھا کہ ایک بارپھر صبح کی چہل قدمی کے دوران، کچرے کے دو تھیلے۔دوسری جانب اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصاویر کا نوٹس لیتے ہوئے مارگلہ پہاڑیوں پر صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔انہوں نے لکھا کہ شہری جنگلاتی علاقے میں افطاری کرنے آتے ہیں اور وہ کچرا یہیں پر چھوڑ جاتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے لکھا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے پہاڑیوں پر کچرے کی نشاندہی کی، جس کے بعد آج ہماری ٹیم نے وہاں پہنچ کر صفائی کی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جنگلاتی علاقے کو کچرے سے پاک رکھیں۔