پاکستان:مندر پر حملہ، مورتیاں توڑی گئیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2022
پاکستان:مندر پر حملہ، مورتیاں توڑی گئیں
پاکستان:مندر پر حملہ، مورتیاں توڑی گئیں

 

 

کراچی: پاکستان جو ہندوستان کو نوپور شرما کے ریمارکس کے معاملے میں سیکھ دے رہا تھا، اب اسے اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت درپیش ہے۔ درحقیقت شہر کراچی میں ایک ہندو مندر میں دیوی دیوتاؤں کی مورتیاں توڑی گئی ہیں۔

مقامی پولیس نے یہ اطلاع دی ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں میں توڑ پھوڑ کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

پولیس نے بتایا کہ بدھ کو کراچی کورنگی کے علاقے شری ماری ماتا مندر میں دیوتاؤں کی مورتیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔

اخبار ’دی ایکسپریس ٹریبیون‘ کی خبر کے مطابق اس واقعے کے باعث کراچی کی ہندو برادری کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں، خاص طور پر کورنگی کے علاقے میں جہاں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔

علاقے کا ایک مقامی رہائشی، جس کا تعلق ہندو برادری سے تھا، نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر چھ سے آٹھ افراد علاقے میں آئے اور مندر پر حملہ کیا۔ اس نے مزید کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ حملہ کس نے کیا اور کیوں کیا؟

کورنگی کے ایس ایچ او فاروق سنجرانی نے بتایا کہ پانچ سے چھ نامعلوم ملزمان مندر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کے بعد فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ مندر پر حملہ کرنے والے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ماضی میں پاکستان میں اکثر ہندو مندروں کو ہجوم نے نشانہ بنایا ہے۔

اکتوبر میں، کوٹری میں دریائے سندھ کے کنارے واقع ایک تاریخی مندر کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا تھا۔ اس سلسلے میں کوٹری تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 75 لاکھ ہندو آباد ہیں۔ تاہم، کمیونٹی کا خیال ہے کہ ملک میں نوے لاکھ سے زیادہ ہندو ہیں۔ پاکستان کی زیادہ تر ہندو آبادی صوبہ سندھ میں آباد ہے۔