پاکستان :تجزیہ کار رحیم اللہ یوسف زئی کا انتقال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2021
 رحیم اللہ یوسف زئی
رحیم اللہ یوسف زئی

 

 

اسلام آباد:پاکستان کے ممتاز صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کا کل شام انتقال ہوگیا۔ کل ان مے بیٹے ارشد یوسف زئی نے فیس بک پوسٹ میں ان کی وفات کی تصدیق کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’میرے والد کا کینسر کے مرض کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔

مرحوم کا نماز جنازہ جمعے کو گیارہ بجے مردان میں کاٹلنگ انٹرچینج سوات ایکسپریس وے کے قریب خان ضمیر بانڈہ میں ادا کی جائے گی۔ رحیم اللہ یوسف زئی معروف صحافی اور افغان امور کے ماہر تھے۔

 مرحوم کئی ماہ سے علیل تھے۔ رحیم اللہ یوسفزئی 10 ستمبر 1954 کو پیدا ہوئے انہیں القاعدہ کےسربراہ اسامہ بن لادن کے انٹرویو کی وجہ سے کافی شہرت ملی۔

رحیم اللہ یوسفزئی ان چند صحافیوں میں سے تھے جنہوں نے طالبان کے کارروائیوں کو رپورٹ کیا اور 1995ء میں خود قندھار گئے۔

 رحیم اللہ یوسفزئی دی نیوز پشاور کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر تھے اور روزنامہ جنگ کے لیے بطور کالم نگار کام کرتے رہے۔ اس سے پہلے وہ ٹائم میگزین کے لیے بھی کام کیا اور بی بی سی کے نمائندہ بھی رہے ۔ افغانستان اور شمال مغربی پاکستان کے امور کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ ان کے صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے ان کو 2004ء میں تمغہ امتیاز اور 2009 میں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔