اسلام آباد:پاکستانی فضائیہ نے 600 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ہتھیار نظام کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا ہے۔ اس کا اعلان ہفتے کے روز کیا گیا۔ راولپنڈی سے جاری کردہ فوج کے بیان کے مطابق یہ آزمائش قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تیمور میزائل 600 کلومیٹر کی حد تک دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں روایتی ہتھیار لے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ فوج کے مطابق جدید ترین نظام سے لیس تیمور میزائل کو انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں دھوکا دے سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ سے پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری واضح ہوتی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اس آزمائش کا مشاہدہ پاکستان مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ اُن ممتاز سائنس دانوں اور انجینیئروں نے بھی کیا، جنہوں نے اس جدید ہتھیار نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس کامیابی پر سائنس دانوں، انجینیئروں اور پوری پاکستان فضائیہ کی ٹیم کو مبارکباد دی۔