لاس اینجلس: آسکر اکیڈمی ایوارڈز 2026 کے موقع پر فلمی ستاروں اور ہدایت کاروں نے غزہ میں جاری فلسطینیوں کے خلاف تشدد اور ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی مداخلت پر عالمی سطح پر توجہ دلانے کے لیے ریڈ کارپٹ پر احتجاج کیا۔
تقریب کے دوران متعدد اداکاروں نے بیجز اور بینرز کے ذریعے امن اور انسانی حقوق کا پیغام دیا، جس کا مقصد عالمی میڈیا کی موجودگی میں عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ہسپانوی اداکار جیویر بارڈیم نے ریڈ کارپٹ پر ایک بیج پہن رکھا تھا، جس پر ہسپانوی زبان میں لکھا تھا ’NO A LA GUERRA‘، جس کا مطلب ہے ’جنگ نہیں‘۔ ایک اور بیج پر ’فلسطین آزاد‘ درج تھا۔
جب بہترین بین الاقوامی فلم کا ایوارڈ پیش کیا گیا، تو بارڈیم نے کہا: نو وار، فری فلسطین"، جس پر ہال میں موجود شرکاء نے تالیاں بجا کر حمایت کا اظہار کیا۔ غزہ میں جاری حالیہ کشیدگی میں بڑی تعداد میں معصوم فلسطینی شہری ہلاک ہوئے ہیں، اور بین الاقوامی برادری کی طرف سے فوری جنگ بندی کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔ آسکر کی یہ تقریب، جو ہر سال دنیا بھر کے فلمی ستاروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، اس بار انسانی حقوق کے مسائل کی عالمی توجہ دلانے کے لیے بھی استعمال ہوئی۔