اسرائیل: ابیب میں یو اے ای کے سفارت خانہ کا افتتاح

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2021
متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں باضابطہ طور پر اپنا سفارت خانہ کھول لیا ہے
متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں باضابطہ طور پر اپنا سفارت خانہ کھول لیا ہے

 



 

 تل ابیب:اماراتی سفیر محمد الخاجہ نے تل ابیب میں سفارتی دفاتر کا افتتاح کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات گذشتہ برس اگست میں بحال ہوئے تھے۔متحدہ عرب امارات تیسرا عرب ملک ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں۔

 محمدالخاجہ کے مطابق ’یہ وقت ہے کہ خطے کے مستقبل کے لیے بہتر راستے کے تعین کی خاطر نئی سوچ کو اپنایا جائے۔ ہمیں توقع ہے کہ تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کی ایمبیسی کا فعال ہونا دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان بڑھتے تعلقات کی اہم بنیاد بنے گا۔

 اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ اور متحدہ عرب امارات کی فوڈ اور واٹر سکیورٹی کی وزیر مملکت مریم المیری نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

گذشتہ ماہ اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپید نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ابوظبی میں اپنا پہلا سفارت خانہ اور دوبئی میں قونصل خانہ کھولا تھا۔

اسرائیلی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہمارے مشترکہ سفر کی جانب تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا افتتاح ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک برس قبل متحدہ عرب امارات کا پرچم تل ابیب میں دیکھنا ناممکن تھا لیکن اب یہ کئی لحاظ سے عام بات ہے۔ گذشتہ برس اگست میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے تھے، دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون بڑھانے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔