ہر 10 منٹ میں ایک عورت کا قتل ۔ اقوام متحدہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2025
ہر 10 منٹ میں ایک عورت  کا قتل ۔ اقوام متحدہ
ہر 10 منٹ میں ایک عورت کا قتل ۔ اقوام متحدہ

 



نیویارک :  اقوام مت حدہ نے خواتین کے قتل کے خلاف مہم میں سست روی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال دنیا میں ہر 10 منٹ بعد ایک عورت اپنے کسی قریبی شخص کے ہاتھوں قتل ہوئی۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم اور یو این ویمن کی مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 میں تقریباً 50 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو ان کے شریک حیات یا گھر کے افراد نے قتل کیا۔ یہ رپورٹ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر جاری کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں قتل ہونے والی خواتین میں سے 60 فیصد کا قاتل ان کا شریک حیات یا کوئی رشتہ دار تھا جن میں والد، چچا، والدہ اور بھائی شامل ہیں۔ اس کے برعکس مردوں کے قتل کے صرف 11 فیصد واقعات میں قاتل کوئی قریبی شخص تھا۔ رپورٹ کے مطابق 117 ممالک کے اعداد و شمار کی بنیاد پر نکالا گیا یہ 50 ہزار کا خوفناک عدد روزانہ 137 خواتین یا تقریباً ہر 10 منٹ میں ایک قتل کے برابر ہے۔

مجموعی تعداد 2023 کے مقابلے میں معمولی کمی ضرور ہے لیکن رپورٹ کے مطابق یہ کمی حقیقی نہیں بلکہ مختلف ملکوں میں ڈیٹا کے فرق کی وجہ سے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ خواتین اور لڑکیوں کے قتل کے واقعات ہر سال ہزاروں جانیں لیتے ہیں اور اس میں بہتری کا کوئی نشان نہیں۔ گھر خواتین اور لڑکیوں کے لیے اب بھی سب سے خطرناک جگہ ثابت ہو رہا ہے۔

دنیا کا کوئی خطہ خواتین کے قتل سے محفوظ نہیں لیکن گزشتہ سال افریقہ میں سب سے زیادہ 22 ہزار واقعات ریکارڈ کیے گئے۔

یو این ویمن کی پالیسی ڈویژن کی ڈائریکٹر سارہ ہینڈریکس نے کہا کہ خواتین کے قتل کے یہ واقعات الگ تھلگ نہیں ہوتے بلکہ یہ اکثر مسلسل تشدد کا حصہ ہوتے ہیں جو قابو پانے والے رویے دھمکیوں اور ہراسانی سے شروع ہوتے ہیں جن میں آن لائن ہراسانی بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف بعض اقسام کے تشدد میں اضافہ کیا ہے اور نئی شکلیں بھی پیدا کی ہیں جن میں بغیر اجازت تصاویر شیئر کرنا ڈاکسنگ اور ڈیپ فیک ویڈیوز شامل ہیں۔