مسقط: سلطنتِ عمان نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز سے متعلق باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک میں جمعرات 19 فروری 2026ء کو یکم رمضان ہوگا۔ یہ اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اور سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری کیا گیا۔
عمانی حکام کے مطابق بدھ 18 فروری کو ماہِ شعبان کا آخری دن ہوگا، جبکہ اس کے اگلے روز رمضان المبارک کا آغاز ہو جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عمان ان چند عرب ممالک میں شامل ہے جو فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیشگی طور پر رمضان کی تاریخ کا تعین کر دیتے ہیں، اور اس بار بھی چاند کی متوقع رویت سے قبل ہی اعلان کر دیا گیا ہے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ سائنسی اور فلکیاتی جائزوں کے مطابق منگل 29 شعبان کو چاند کا نظر آنا ممکن نہیں۔ کمیٹی کے مطابق اگر سائنسی حقائق کسی مخصوص دن چاند کی رویت کو ناممکن قرار دیں تو اس کے برعکس موصول ہونے والی شہادتوں کو قبول نہیں کیا جاتا۔ اسی بنیاد پر 19 فروری کو یکم رمضان قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا۔ ماہرینِ فلکیات کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں بھی رمضان کا آغاز قریب قریب انہی تاریخوں میں متوقع ہے، تاہم سرکاری اعلان چاند دیکھنے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔