مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں حال ہی میں منعقد ہونے والے اونٹوں کے حسن کے مقابلے میں مصنوعی طریقوں کے ذریعے خوبصورتی بڑھانے والے اونٹوں کو مقابلے سے خارج کر دیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 20 اونٹ ایسے تھے جن کے مالکان نے انہیں مصنوعی طور پر خوبصورت بنانے کے لیے بوٹوکس انجیکشنز استعمال کیے تھے۔
یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا کیونکہ عرب ممالک میں اونٹوں کے حسن کے مقابلے منعقد کرنے والی تنظیم نے واضح طور پر ایسے طریقوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ماضی میں سعودی عرب میں بھی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جہاں اونٹوں کی مصنوعی خوبصورتی کے لیے اقدامات پر سخت کارروائی کی گئی۔ عرب اور خلیجی ریاستوں میں اونٹ کو عزت و وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے اور یہاں اونٹوں کے حسن کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہوتے ہیں۔
مسقط میں ہونے والے حالیہ مقابلے میں بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کھلے عام مصنوعی طریقوں سے خوبصورتی بڑھانے والے اونٹوں کو خارج کیا گیا۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں کاسمیٹکس اور حیوانی حقوق کے حوالے سے جاری بحث میں بھی ایک دلچسپ نقطہ قرار پایا۔