اولمپکس : اسلامی طریقہ علاج ’’حجامہ‘‘ بنا توجہ کا مرکز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2021
نئی بحث
نئی بحث

 

 

ٹوکیو: کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ ٹوکیو میں اختتام کو پہنچا ۔ ہر بار اولمپکس میں نئے ریکارڈز بنتے ہیں ،کچھ ٹوٹتے ہیں۔ نئے کارناموں کے سب  کچھ نام یا چہرے دنیا پر چھا جاتے ہیں۔ کوئی عروج پاتا ہے اور کوئی زوال۔

ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ تنازعات سامنے آتے ہیں۔ جو موضوع بحث بن جاتے ہیں ۔لیکن کبھی کبھی کسی اسٹار کا طرز زندگی یا اسٹائل بھی سرخیوں میں آجاتا ہے ۔

ٹوکیو اولمپکس میں سوئمنگ کے مقابلوں کے دوران  کچھ ایسے منظر دیکھنے کو ملے ۔سئمنگ پول میں ایک تیراک کی پیٹھ پر دائرے کے سرخ نشانات نظر آئے۔

یہ نشانات حجامہ کے تھے۔ یاد رہے کہ حجامہ یا کپنگ کو اسلامی طریقۂ علاج مانا جاتا ہے ۔ان نشانات نے ایک بار پھر حجامہ کو سرخیوں میں لادیا۔ سمجھا جاتا ہے اور درد کے علاج کا ایک قدیم طریقہ ہے جس کا ذکر ایک بار پھر دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے یعنی ٹوکیو اولمپکس میں سنائی دے رہا ہے۔

اس سے قبل  2016 میں ریو اولمپکس کے دوران بھی حجامہ کا کافی چرچا رہا تھا جب دنیا کے سب سے کامیاب تیراک امریکی ایتھلیٹ مائیکل فلپس نے عالمی ایونٹ کے دوران اس کا استعمال کیا تھا۔

مائیکل فلپس دنیا کی تاریخ کے کامیاب ترین اولمپیئن ہیں۔ انہوں نے سونے کے 23 تمغے جیتے ہیں جو عالمی ریکارڈ ہے۔

اس بار ٹوکیو میں آسٹریلوی سوئمنگ سٹار کائل چالمرز کے جسم پر کپنگ کے نشانات سے اس طریقہ علاج اور اس کی افادیت کے بارے میں ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔

گذشتہ سال کندھوں کی سرجری سے گزرنے والے کائل چالمرز نے اولمپکس کی تیاری کے لیے کافی محنت کی ہے اور تکلیف دہ مراحل سے گزرے ہیں۔ فلپس نے 2016 کے اولمپکس میں حجامہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے مقابلے سے پہلے تھوڑی دیر کے لیے کپنگ کی ہے۔

 کیوں کہ کل مجھے سخت ٹریننگ کے بعد تھکاوٹ کا سامنا تھا۔‘ خیال کیا جاتا ہے کہ کپنگ تھراپی کو چین میں صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس میں ویکیوم کا استعمال کرتے ہوئے گلاس کپ کو استعمال کرتے ہوئے جلد کے ذریعے ’خراب‘ خون جسم سے خارج کیا جاتا ہے۔

کیا ہے حجامہ

حجامہ عربی زبان کے لفظ حجم سے نکلا ہے‘‘ جس کے معنی کھینچنا/چوسنا ہے۔ اِس عمل میں مختلف حصوں کی کھال سے تھوڑا سا خون نکالا جاتا ہے۔ انسانی صحت کا دارو مدار جسمانی خون پر ہے۔ اگر خون صحیح ہے تو انسان صحت مند ہے، ورنہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ بیماریاں اس فاسد خون کے ساتھ نکل جاتی ہیں۔ حجامہ ایک قدیم علاج ہے۔

awazurdu

 حجامہ کی دو اقسام ہیں، ویٹ کپنگ، جس کے ذریعے جسم سے خون نکلتا ہے، جب کہ دوسری قسم کو ڈرائی کپنگ کہتے ہیں جس کو جسم کو چھیدے بغیر انجام دیا جاتا ہے۔

موجودہ دور میں ایتھلیٹ دوسری قسم کی کپنگ کو ترجیح دیتے ہیں۔

ویسے تو مذہبی یا سماجی طور پر حجامہ یا کپنگ کی افادیت اور اس کے کئی فوائد بیان کیے جاتے ہیں لیکن طبی سائنس کے نقطہ نظر سے کپنگ کے فوائد ثابت نہیں ہوئے۔

’جرنل آف ٹریڈیشنل اینڈ کمپلیمنٹری میڈیسن‘ کے 2019 کے ایڈیشن میں شائع ہونے والے ایک مطالعے کے مطابق: ’کپنگ کے جسم پر مکمل اثرات کا پتہ لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر کلینیکل ٹرائلز، منظم جائزے اور میٹا اینالائسز کی ضرورت ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ’کپنگ تھراپی سے متعلق متنازع خیالات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ محض ایک پلیسیبو طریقہ علاج ہے۔

‘ تحقیق کے مطابق ’کپنگ تھراپی کے بارے میں یہ پلیسیبو تھیوری اس وقت تک قائم رہے گی جب تک کہ اس کے قابل اعتماد اور درست میکانزم کا پتہ نہ چل پائے۔

‘ تحقیق کے مطابق مربوط شواہد سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کپنگ ایک منظم سطح پر آرام اور راحت کا احساس پیدا کر سکتی ہے اور ’اس کے نتیجے میں دماغ میں چند مخصوص اجزا کی پیداوار بڑھ جاتی ہے جو درد کے کنٹرول کو بہتر بناتا ہے۔

‘ اس طرح کے ایک اور نظریے، جسے ’پین گیٹ تھیوری‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، کے مطاق درد کا احساس اس لیے کم ہو جاتا ہے کیوں کہ اس سے دماغ زخمی یا سٹیمولیٹڈ حصے کو حفاظتی سگنل واپس بھیج دیتا ہے۔

حجامہ اسلامی تعلیمات میں تصدیق شدہ

 مختلف روایتوں میں آتا ہے کہ حجامہ ایک قدیم ترین اور نبی کریم حضرت محمدﷺ اور ملائکہ کا تجویز کردہ عمل ہے، حضرت محمدﷺ نے حجامہ لگانے کو افضل عمل قرار دیا ہے، اس قدیم طریقہ علاج میں جسم کے 143 مقامات سے مضر صحت خون نکالا جا سکتا ہے۔

حجامہ اور جدید سائنس

حجامہ کروانے کے نتیجے میں جسم کے اعضاء میں موجود درد میں آرام سے لے کر صاف جِلد تک کا علاج ممکن ہے، جدید سائنس میں حجامہ پر کی جانے والی تحقیق کے مطابق حجامہ کروانے سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، جمنے والا فاسد خون خارج ہو جاتا ہے، جسم سے زہریلا مواد نکل جاتا ہے، حجامہ کی تعلیمات چین کی قدیم کتابوں میں بھی ملتی ہیں۔

حجامہ سے کن بیماریوں کا علاج ممکن ہے ؟

 حجامہ کروانے سے بلڈ پریشر، ذہنی دباؤ ، جوڑوں، پٹھوں ، کمر ، ہڈیوں ، سر (درد شقیقہ) مائیگرین، یرقان، دمہ، ایکنی، کیل مہاسوں، قبض، بواسیر، فالج، موٹاپا، کولیسٹرول، مرگی، گنجاپن اور موسمی الرجی سمیت متعدد بیماریوں کا علاج ممکن ہے۔