تیل مہنگا، ہندوستان پر توانائی بحران کا خدشہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2026
تیل مہنگا، ہندوستان پر توانائی بحران کا خدشہ
تیل مہنگا، ہندوستان پر توانائی بحران کا خدشہ

 



نئی دہلی: خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد مہنگائی اور ہندوستان پر توانائی کے ممکنہ بحران کے اثرات کو لے کر خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کے نتیجے میں روپے کی قدر اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (FPI) بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ برینٹ خام تیل کے فیوچرز 2.69 ڈالر یا 3.05 فیصد اضافے کے ساتھ 90.79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے، جو 11 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل میں 15.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار بڑھوتری ہے۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل تقریباً 90.42 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 84.47 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کر رہا تھا۔

جیوجیت انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے چیف انویسٹمنٹ اسٹریٹجسٹ وی کے وجئے کمار نے کہا کہ اس وقت بازار کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، جن میں سب سے بڑا چیلنج امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت کا 90 ڈالر سے اوپر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ہندوستان توانائی کے بحران کے لیے زیادہ حساس ہو جائے گا، جس کے منفی اثرات روپے کی قدر اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری پر پڑ سکتے ہیں۔ بینک آف بڑودہ کی ایک رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث مہنگائی کے خدشات دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کلیولینڈ فیڈ کے صدر کے اس اشارے کے بعد کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سود کی بلند شرحیں برقرار رکھنا ضروری ہو سکتا ہے، امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ستمبر 2026 میں شرح سود بڑھنے کے امکانات 47 فیصد سے بڑھ کر 52.4 فیصد ہو گئے ہیں۔

اسی دوران امریکہ میں مئی 2026 کے دوران صنعتی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 0.1 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ کرنسی بازار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی کرنسیاں محدود دائرے میں رہیں، جبکہ برطانوی پاؤنڈ میں سب سے زیادہ کمزوری دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق تیل کی بلند قیمتوں کے باوجود ہندوستانی روپیہ معمولی مضبوط ہوا، تاہم آج دیگر ایشیائی کرنسیوں کی طرح اس میں بھی کمزوری دیکھی جا رہی ہے۔ ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز کے پرائم ریسرچ کے سربراہ دیورش وکیل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکی بازاروں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔

ان کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ بڑھتی کشیدگی، ٹیکنالوجی شعبے میں تبدیلیاں اور مہنگائی کے اعداد و شمار کے انتظار نے بڑے اسٹاک انڈیکس پر منفی اثر ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ تیزی امریکہ اور ایران کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والے نئے حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان کے بقول تہران کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی عملاً ختم ہو چکی ہے، جس سے دنیا کے مصروف ترین تیل بردار بحری راستوں میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔