تیل کی قیمتوں میں اضافہ ایران کے جوہری خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک چھوٹی سی قربانی: ٹرمپ
واشنگٹن
مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی دوران امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر اس اضافے سے ایران کے جوہری ہتھیاروں کے خطرے کو ختم کیا جا سکتا ہے تو تیل کی قیمتوں میں یہ “عارضی اضافہ” قابلِ قبول ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جیسے ہی ایران کے جوہری خطرے کا خاتمہ ہو جائے گا، تیل کی قیمتیں دوبارہ کم ہو جائیں گی اور یہ اضافہ وقتی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا، “صرف بیوقوف ہی اس سے مختلف سوچیں گے۔ امریکہ اور عالمی سلامتی اور امن کے لیے یہ قیمت بہت چھوٹی ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لے کر لوگوں کی تشویش کم کرنے کے لیے سامنے آیا ہے۔ تیل کی قیمتیں اتوار کو ایک بیرل 100 امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ قیمت اس سطح تک پہنچی ہے اور اسے 2022 میں روس۔یوکرین جنگ کے بعد سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی طویل عرصے تک متاثر ہو سکتی ہے۔
کئی ریفائنریوں پر حملوں کی خبروں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
سی این این بزنس کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ تنازع کے بڑھنے اور مغربی ایشیا و خلیجی ممالک کے اس میں شامل ہونے کے باعث تیل اور گیس کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ مختلف ریفائنریوں پر حملوں کی اطلاعات نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔ امریکی تیل فیوچرز میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت تقریباً 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح عالمی معیار کے برینٹ فیوچرز میں 16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بھی تقریباً 108 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا۔
امریکہ میں پٹرول کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ اے اے اے کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو پٹرول کی اوسط قیمت 3.45 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ اگر قیمتیں طویل عرصے تک بلند رہیں تو عام لوگوں کے اخراجات پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ یہ صورتحال سیاسی طور پر بھی ٹرمپ اور ان کی پارٹی کے لیے مشکل ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر اس سال ہونے والے وسط مدتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے۔
ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ جیسے ہی ایران کے جوہری خطرے کا خاتمہ ہوگا، تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔ ان کے مطابق یہ عارضی قیمت دراصل دنیا کی سلامتی اور امن کے لیے ادا کی جانے والی ایک چھوٹی قیمت ہے۔
دوسری طرف ایک نئی جنگ بھی شروع ہو چکی ہے۔ اسرائیل کو اس تنازع کو بھڑکانے والا اور امریکہ کو جنگ کا آغاز کرنے والا قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیل نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ یقین دلایا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں یا وہ انہیں تیار کرنے کے آخری مرحلے میں ہے اور وہ امریکہ کو دھمکی دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ تاہم وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق خفیہ معلومات رکھنے والے امریکی حکام نے ان مبینہ خطرات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ اس کے باوجود ٹرمپ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر جنگ کا آغاز کر دیا ہے۔