اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: او آئی سی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-08-2025
اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: او آئی سی
اسرائیل کو غزہ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: او آئی سی

 



 

ریاض: تنظیم اسلامی کانفرنس (او آئی سی) کے چیئرمین حقان فیدان نے سعودی عرب میں جاری وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے دوران واضح طور پر کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اسرائیل پر مربوط دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ریاض میں او آئی سی کے 21 ویں خصوصی اجلاس میں مسئلہ فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر بات کی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین حقان فیدان کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔

چیئرمین او آئی سی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے غزہ کو تباہی اور قحط کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور فلسطینی عوام کو ہماری اجتماعی کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔ اسرائیل کو جارحانہ کارروائیوں سے روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اور یکساں موقف اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا دو ریاستی حل ضروری ہے اور مستقل حل کے لیے اسرائیل پر مربوط دباؤ ڈالنا ہوگا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گریٹر اسرائیل کا خواب خطے کے استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور دو ریاستی حل ہی واحد اور منصفانہ راستہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کسی بھی حاکمیت کے دعوے کو رد کیا جائے۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور فلسطینی عوام بدترین ظلم و نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسرائیلی پالیسیوں اور قبضے کی کوششوں کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کا محاصرہ توڑنے اور فوری انسانی امداد پہنچانے کے اقدامات کرے، اور اسرائیلی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ کن کارروائی کرے۔

فلسطینی نمائندے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر قحط مسلط کیا گیا ہے، فلسطین کی سرزمین مسلمانوں کو پکار رہی ہے اور فلسطینیوں کو یقین ہے کہ مسلم امہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔